Loading
صلح صفائی کی صدیوں پرانی روایات کے احیا کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ’’پنچائیت‘‘ نظام کی اصولی منظوری دے دی۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہوگی، انصاف عوام کی دہلیز پر ہوگا اور عوام کے فیصلے اب عوام ہی کریں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت کے قیام کے لیے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں بنیں گی۔ پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچائیت کے ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خواتین، اقلیتیں، غرباں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف کی رسائی آسان ہوگی۔ پنچائیت کا نظام قانونی، انصاف اور غیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔
پنچائیتی نظام کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ ا ختیار اور فرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔ پنچائیت میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ آرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معززین رکن ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط متعین کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجائتی نظام کا خواتین یا کمزور طبقات کیخلاف ممکنہ استعمال روکنے کے لئے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم مکالمے اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے، پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا صدیوں پرانی روایت ہے۔ پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کاوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اختلافا ت کو حل کرنے کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچائیٹ کو ہونا چاہیے، تنازعات کو لیگل فریم ورک میں غیر رسمی حل کے لیے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کروایا جارہا ہے۔ پنجاب پنچائیت ایکٹ باہمی رضامندی کے ذریعے تنازع حل کرنے کا سادہ کم خرچ اور آسان فورم ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے، عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ پنچائیت کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا، پنچائیت کے ذریعے فوری اور سستا انصاف ممکن ہوسکے گا۔ حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف کو عوام کی دہلیز تک لائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت اور اختیار کی نچلی سطح تک شرکت داری کا یہ تاریخی منصوبہ ہے، عوامی پنچائیت کے ذریعے ثالثی، صلح اور دوستانہ تصفیہ کا نظام قائم ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل