Wednesday, November 18, 2026
 

میررضا قتل کیس؛ کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد، تحقیقاتی کمیٹیوں کی کارکردگی پر سوالات، والدین کا خط

 



میر رضا علی خان قتل کیس میں عدالتی کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کی رفتار اور مختلف تحقیقاتی کمیٹیوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مقتول کے والدین نے وزیر داخلہ سندھ کو خط ارسال کردیا ہے، جس میں کمیشن کی سفارشات پر فوری اور مؤثر عمل درآمد، پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے افسر کی سربراہی میں قائم 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی پیش رفت سے آگاہ کرنے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں رینجرز کے نامزد نمائندے کی عدم شرکت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقتول کے والدین میر حسین اور مریم حسین کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل جبران ناصر کے ذریعے وزیر داخلہ سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزیر داخلہ اور ڈی جی رینجرز کو خط ارسال کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ میر رضا علی خان کی موت سے متعلق انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے مختلف اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم ان پر عملی پیش رفت کے حوالے سے متاثرہ خاندان کو تاحال مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ خط میں کہا گیا کہ 20 اکتوبر 2026 کے نوٹیفکیشن کے تحت کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کا مقصد میر رضا علی خان کی موت سے متعلق انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنانا تھا، وزیر داخلہ سندھ کو اس کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا تھا، اس لیے ان کی ذمہ داری ہے کہ کمیشن کی رپورٹ پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کرایا جائے۔ میر رضا کے والدین کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے پولیس افسران کے طرز عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایک رکنی کمیٹی، متعلقہ افسران کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی کے لیے 3 رکنی کمیٹی، میر رضا علی خان کے قتل کے مقدمے کی تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے، ڈاکٹر اسامہ شیخ کے خلاف محکمانہ انکوائری اور شہریار میمن کے کردار کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ان اقدامات پر ہونے والی پیش رفت سے مقتول کے والدین کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ 23 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار علی لارک کی سربراہی میں ایک رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی، جسے انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں نامزد پولیس افسران اور اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لینے اور اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ مقتول کے والدین کے وکیل کے مطابق کمیٹی کے قیام کو 26 روز گزرنے کے باوجود میر رضا کے والدین کو اس کی کارروائی، تحقیقات اور نتائج سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ خط میں اس ایک رکنی کمیٹی کے قیام کے طریقہ کار پر بھی اعتراض کیا گیا ہے اور کہا ہے کہ نوٹیفکیشن میں متعلقہ افسران کے خلاف نافذ العمل محکمانہ قوانین، یعنی ایفیشنسی اینڈ ڈسپلنری رولز کے تحت کارروائی کا واضح ذکر نہیں کیا گیا، اس صورت حال میں خدشہ ہے کہ یہ کمیٹی بھی پہلے سے مکمل ہونے والی انکوائری کی محض تکرار بن کر رہ جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف عملی احتساب کے بجائے معاملہ مزید تاخیر کا شکار ہوگا۔ والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران کے خلاف شوکاز نوٹس، چارج شیٹ اور باقاعدہ محکمانہ انکوائری کے ذریعے کارروائی کی جائے تاکہ کمیشن کی سفارشات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد ہوسکے، مقتول کے والدین نے خط میں ان پولیس افسران کے نام بھی درج کیے ہیں جن کے کردار کا کمیشن کی رپورٹ میں جائزہ لیا گیا تھا، جن میں ڈی آئی جی امیر فاروقی، ڈی آئی جی فرخ لانجر، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو، ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ، ایس پی عثمان سدوزئی، ایس ایچ او عدیل افضل، سب انسپکٹر شبیر لغاری، ڈی ایس پی سراج لاشاری، اے ایس پی ندا جنید اور انسپکٹر غوث شامل ہیں۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان میں سے متعدد افسران تاحال اپنے عہدوں پر معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، اس لیے حکومت واضح کرے کہ ان کے خلاف محکمانہ قوانین کے تحت اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔ تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے سے خط میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے محکمہ داخلہ نے 23 اکتوبر 2026 کو وزارت داخلہ حکومت پاکستان کو خط لکھ کر ایف آئی اے کے گریڈ 20 کے افسر کو کمیٹی کا سربراہ نامزد کرنے کی درخواست کی تھی، اس کمیٹی کو متعلقہ پولیس افسران کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 201، 166(2) اور 218 کے تحت معاملات کی تحقیقات کرنا تھیں جبکہ اس میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان علی بلوچ اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نعیم احمد شیخ کو بھی شامل کیا گیا تھا تاہم مقتول کے والدین کے مطابق انہیں تاحال کمیٹی کی حتمی تشکیل اور اس کی کارروائی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مقتول کے والدین اس کیس میں اہم گواہ ہیں اور پولیس کی مبینہ غفلت، کوتاہی اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کے حوالے سے اہم معلومات رکھتے ہیں، اس کے باوجود انہیں کمیٹی نے اب تک طلب نہیں کیا، والدین نے کمیٹی کا حتمی نوٹیفکیشن فراہم کرنے اور تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل