Wednesday, November 18, 2026
 

عالمی کمپنیوں پر سائبر حملے؛ کروڑوں ڈالر کی کرپٹو کرنسی بھی چوری؛ 24 سالہ ہیکر کو قید

 



امریکا میں جعلی موبائل پیغامات کے ذریعے کمپنیوں کے نظام میں نقب لگانے اور 11.6 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی چرانے والے برطانوی ہیکر کو 6 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 24 سالہ ٹائلر بوچنن کا تعلق اسکاٹ لینڈ کے شہر ڈنڈی سے ہے۔ وہ نوعمری ہی سے ہیکنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور سائبر جرائم پیشہ گروہ ’’اسکیٹرڈ اسپائیڈر‘‘ کا حصہ رہا۔ بوچنن اور اس کے ساتھیوں نے 2021 سے 2023 کے دوران بڑی ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے ملازمین کو سیکڑوں جعلی پیغامات بھیجے۔ ان پیغامات میں ملازمین کو بتایا جاتا کہ ان کے دفتری کھاتے کی مدت ختم ہونے والی ہے اور فوری طور پر فراہم کردہ ربط کے ذریعے دوبارہ داخل ہونا ضروری ہے۔ یہ روابط بظاہر اصل کمپنیوں جیسی جعلی ویب سائٹس پر لے جاتے، جہاں ملازمین اپنے نام، پاس ورڈ اور دیگر خفیہ معلومات درج کردیتے۔ نوجوان ہیکر بوچنن نے معلومات جمع کرنے کے لیے ٹیلی گرام پر ایک خودکار نظام بھی بنایا تھا۔ بعدازاں چوری شدہ معلومات اور موبائل سم کی غیرقانونی منتقلی کی تکنیک استعمال کرکے گروہ نے امریکی شہریوں کے کرپٹو کرنسی کھاتوں تک رسائی حاصل کی۔ ایک متاثرہ شخص کو دسمبر 2022 میں اکیلے 16 لاکھ 70 ہزار ڈالر کا نقصان ہوا۔ بوچنن نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ اعتراف جرم پر نوجوان ہیکر کو اسپین سے امریکا منتقل کیا گیا جہاں عدالت نے 17 نومبر کو 72 ماہ قید کی سزا سنائی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل