Loading
بھارتی فلم انڈسٹری معاشقوں، جھگڑوں، ذاتی اختلافات اور مارکیٹنگ اسٹنٹ سے بھری پڑی ہے، یہاں تک کہ یہ اندازہ لگانا بھی مشکل ہوجاتا ہے حقیقت کیا ہے اور فسانہ کیا ہے ایسا ہی معاملہ اداکارہ دیا مرزا اور ورسٹائل نوازالدین صدیقی کے درمیان پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ دیا مرزا نے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا اور اس میں نوازالدین صدیقی کو بھی ٹیگ کیا۔
اداکارہ دیا مرزا نے لکھا کہ نواز الدین کے ساتھ کام کرنا کسی ڈراؤنے خواب جیسا ہے، انھیں بات کرنے کی تمیز نہیں اور ان کا رویہ بھی انتہائی نامناسب ہے۔
دیا مرزا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ انھیں نوازالدین کے کس رویے یا واقعے پر اعتراض ہے اور نہ تفصیلات فراہم کی۔
دوسری جانب نوازالدین صدیقی نے بھی خاموشی اختیار کرنے کے بجائے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے رویے میں خامی نکالنا آسان ہے ذرا اس کے کام میں خامی نکال کر دکھائیں۔
دونوں فنکاروں کے درمیان اس غیر معمولی جملوں کے تبادلے کو بعض صارفین نے حقیقی اختلاف قرار دیا جبکہ کئیوں نے اسے کسی نئے منصوبے کی تشہیری چال سمجھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں اداکار آنے والے طبی موضوع پر مبنی ڈرامے ’’ڈاکٹر حسن‘‘ میں ایک ساتھ نظر آسکتے ہیں۔
اس ڈرامے میں نوازالدین ایک ایسے ڈاکٹر کا کردار ادا کریں گے جس کا رویہ خاصا سخت ہے جبکہ دیا مرزا بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔
یوں بظاہر تلخ نظر آنے والی اس نوک جھونک نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ معاملہ واقعی ناراضی کا ہے یا پردۂ اسکرین سے پہلے تشہیر کا ایک نیا انداز اپنایا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل