Loading
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال سنگین جرائم سمیت مختلف نوعیت کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں سنگین جرائم کی مجموعی شرح میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ خواتین سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 47 فیصد اور رابری کے واقعات میں 68 فیصد کمی آئی ہے۔ اسی طرح کار چوری کے واقعات میں 68 فیصد جبکہ کار چھیننے کی وارداتوں میں 67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 62 فیصد اور موٹر سائیکل چوری میں 43 فیصد کمی آئی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس نے کہا کہ شہر میں جھپٹا مارنے کی وارداتوں میں 45 فیصد جبکہ نقب زنی کے واقعات میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کو لاہور پولیس کی موثر حکمت عملی، مربوط پولیسنگ اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے منظم جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن اور محفوظ لاہور کے قیام کے پیچھے پولیس کی شبانہ روز محنت، قربانیاں اور ہمہ وقت دستیابی کارفرما ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے 343 شہداء نے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل