Loading
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف اسرائیل کے ساتھ مل کر دوبارہ فوجی کارروائی کرنے کا امکان تاحال موجود ہے۔
اسرائیلی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد اس معاملے پر غور متوقع ہے۔
اسرائیلی نیوز ویب سائٹ ’’ماکو‘‘ نے معاملے سے واقف دو ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ ایران کے خلاف مشترکہ امریکی اور اسرائیلی حملے کے آپشن پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے صدر ٹرمپ کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو امریکی صدر پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے بھی واشنگٹن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کرکے ایران کے خلاف مزید سخت کارروائی کی حمایت کی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی الگ رپورٹ کے مطابق گوفمین نے امریکی حکام کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس معلومات بھی فراہم کیں۔ ان ملاقاتوں کو نیتن یاہو کی جانب سے ٹرمپ کو مشترکہ حملے پر آمادہ کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے تاحال ایران پر حملے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ توقع ہے کہ ایشیا کے دورے سے واپسی کے بعد امریکی صدر اس معاملے پر مزید غور کریں گے۔
اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان زیرِ غور ہے، تاہم فی الحال کسی نئے حملے کا اعلان یا حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل