Thursday, November 19, 2026
 

روہنگیا مسلم نسل کشی پر میانمار کیخلاف عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ؛ 9 سال بعد انصاف مل گیا

 



عالمی عدالت انصاف نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے مقدمے میں میانمار کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تاریخی فیصلہ سنا دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے جمعرات کو 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے فیصلہ سنادیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میانمار حکومت نے اپنی ریاست رخائن میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرکے 1948 کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ عدالت کے سربراہ یوجی ایواسوا نے بتایا کہ ہزاروں روہنگیا شہریوں کے قتل، خواتین پر جنسی تشدد، بچوں سے انتہائی سفاکانانہ برتاؤکا اور بنگلادیش پناہ لینے کی کوشش کرنے والوں پر حملے کے شواہد ملے۔ اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے قرار دیا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کا مقصد روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو ختم کرنا تھا۔ فیصلے میں حکم دیا گیا کہ میانمار کو متاثرین کی بحالی، تباہ شدہ اجتماعی املاک کی واپسی، لاپتا افراد کی تلاش اور ان کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کے اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ عالمی عدالت انصاف میں میانمار کے خلاف یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں دائر کیا تھا۔ جس میں اُس وقت کی حکمراں آنگ سان سو چی بھی پیش ہوئی تھیں۔ میانمار حکومت نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اپنے اس فوجی آپریشن کو علیحدگی پسند مسلح تنظیم ’’اراکان روہنگیا سالویشن آرمی‘‘ کے حملوں کا جواب قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق میانمار فوج کے حملوں میں کم از کم دس ہزار روہنگیا ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے سال 2017 میں میانمار فوج کی آپریشن میں 25 اگست سے 24 ستمبر کے درمیان صرف ایک ماہ میں کم از کم 6,700 اموات کی اطلاع دی تھی۔ اسی طرح 2018 کے ایک سروے پر مبنی مطالعے میں ہلاکتوں کا تخمینہ 25 ہزار تک لگایا گیا تھا بڑے پیمانے پر جنسی تشدد، گرفتاریاں، تشدد اور نقل مکانی کے دوران اموات کے واقعات پیش آئے۔ میانمار فوج کے اس آپریشن کے باعث 7 لاکھ اور 30 ہزار سے زائد روہنگیا افراد جان بچا کر بنگلا دیش میں پناہ لینے گئے۔ اب بھی 13 لاکھ سے زیادہ روہنگیا جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں بے گھر ہیں۔ سیٹلائٹ تصاویر اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس کے مطابق شمالی رخائن میں سیکڑوں روہنگیا دیہات جلائے یا تباہ کیے گئے جن کی تعداد 350 سے 400 کے درمیان ہے۔ علاوہ ازیں لوگوں کے گھروں، دکانوں، بازاروں اور یہاں تک کہ مساجد تک پر قبضہ کیا گیا۔زندہ بچ جانے والے روہنگیا مسلمانوں کا ذرائع معاش ختم ہوگیا اور متاثرہ اراضی پر سیکیورٹی چوکیوں و سرکاری تنصیبات کی تعمیر کے شواہد سامنے آئے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل