Loading
فائیو اسٹار ہوٹلوں میں ہونے والی عالمی مالیاتی کانفرنسوں میں جب بینکاری کی اصلاح کی بات کی جاتی ہے، تو اس میں سب سے بڑا فکری مغالطہ یہ در آتا ہے کہ ہم ’’بینک‘‘ کو ایک غیر جانبدار آلہ تصور کر لیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بینک محض لین دین کا کوئی سادہ بازار یا غیر جانبدار مشین نہیں ہے، بلکہ یہ جدید سرمایہ دارانہ نظامِ حیات کا قلب اور انجن ہے۔ بینک کے وجود کا بنیادی مقصد ہی سرمائے کی لامتناہی بڑھوتری ہے۔
چاہے یہ بڑھوتری سودی قرض کے ذریعے حاصل کی جائے، مرابحہ کے منافع سے کمائی جائے یا کارپوریٹ مشارکہ و مضاربہ کے ذریعے سمیٹی جائے، بینک کا ادارہ جاتی نظام اسے اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ معاشرے کی بکھری ہوئی بچتوں کو اکٹھا کر کے منڈی کے سب سے زیادہ منافع بخش کارپوریٹ منصوبوں میں لگا دے۔ ایک ایسے ادارے سے جو بنایا ہی منافع کی زیادہ سے زیادہ شرح حاصل کرنے کے لیے گیا ہو، یہ توقع رکھنا کہ وہ دولت کی منصفانہ تقسیم کا ذریعہ بن جائے گا، ایک ایسے خواب کے مترادف ہے جس کی تعبیر جدید مالیاتی نظام کی ساخت میں سرے سے موجود ہی نہیں۔
اسی طرح ’’حقیقی معیشت‘‘اور ’’سٹہ بازی کی معیشت‘‘ کے درمیان جو اخلاقی لکیر کھینچی گئی ہے، وہ بھی جدید سرمایہ داری کے پیچیدہ جال کو سمجھنے میں ناکافی دکھائی دیتی ہے۔ جدید سرمایہ دارانہ نظام میں اشیاء کی پیداوار (جیسے کپاس یا گندم کی تجارت) اور مالیاتی سٹہ بازی دو الگ دنیائیں نہیں بلکہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ سرمایہ دارانہ پیداوار انسانی حاجات کی تکمیل کے لیے نہیں بلکہ مصنوعی خواہشات پیدا کر کے منڈی پر اجارہ داری قائم کرنے کے لیے ہوتی ہے۔
جب کوئی بینک کسی بڑی ٹیکسٹائل مل کو کپاس خرید کر مرابحہ یا مشارکہ پر فراہم کرتا ہے، تو وہ درحقیقت اسی عالمی کارپوریٹ سرمایہ داری کی پیداواری زنجیر کو ایندھن فراہم کر رہا ہوتا ہے جو مزدور کا استحصال کرتی ہے اور قدرتی وسائل کو نچوڑتی ہے۔ محض کسی مادی اثاثے کو عقد کے ساتھ جوڑ دینے سے سرمایہ دارانہ استحصال سے پاک نہیں ہو جاتا۔ گزشتہ نصف صدی سے یہ کہا جا رہا ہے کہ موجودہ اسلامی بینکاری محض ایک ’’عبوری دور‘‘ اور ’’آغاز‘‘ ہے، اور ہماری اصل منزل مشارکہ و مضاربہ ہے۔ مگر پچاس سال گزر جانے اور کھربوں ڈالر کی صنعت بن جانے کے باوجود یہ ’’آغاز‘‘ اپنے انجام کو کیوں نہیں پہنچ سکا؟ اس کی وجہ بینکاروں کی نیت کا فتور نہیں بلکہ عالمی مالیاتی منڈی اور مرکزی بینکوں کا وہ سخت گیر نظام ہے جو حقیقی نفع و نقصان کی شراکت کو قبول ہی نہیں کر سکتا۔ اگر کوئی بینک حقیقی معنوں میں نفع و نقصان کی بنیاد پر کاروبار شروع کر دے تو عالمی بینکنگ کے قوانین اور لیکویڈیٹی کے معیارات کے تحت اس کا وجود برقرار رہنا ناممکن ہو جائے۔ چنانچہ مشارکہ کی منزل ایک ایسا سراب بن کر رہ گئی ہے جس کا حوالہ دے کر حال کی تمام خامیوں پر پردہ ڈالا جاتا ہے۔
مزید برآں یہ کہنا کہ زر کو محض ذریعہ تبادلہ ہونا چاہیے ،ورنہ پورا معاشی نظام بگڑ جائے گا۔ یہاں یہ تاریخی حقیقت پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ آج سے صدیوں پہلے کے لوگ ،اساتذہ اور علماء ایک روحانی و اخلاقی معاشرے میں سانس لے رہے تھے، جہاں نہ جدید قومی ریاست کا تصور تھا، نہ مرکزی بینک تھے، نہ کاغذی کرنسی کا عالمی جال تھا اور نہ ہی کثیرالقومی کارپوریشنز۔ دانشوروں اور اساتذہ معاشیات کے نزدیک معاش کا مقصد محض ضرورتِ زندگی کی تکمیل تھا تاکہ انسان عبادت اور معرفت الٰہی کے لیے یکسو ہو سکے۔ لہذا اس دور کے دانشوروں اور اساتذہ معاشیات کے اقوال کو اکیسویں صدی کے اربوں ڈالر کے بینکوں کی اصلاح کے لیے استعمال کرنا ایک تاریخی مغالطہ ہے، اگر اس دور کے دانشور اور اساتذہ معاشیات زندہ ہوتے تو شاید وہ بینکوں کو مرابحہ سے مضاربہ پر منتقل کرنے کا مشورہ نہ دیتے، بل کہ خود سرمایہ دارانہ طرز حیات اور زر پرستی کے اس پورے ادارہ جاتی ڈھانچے کے جواز پر سوال اٹھاتے۔ یہ بھی ایک لمحہ فکریہ ہے کہ جب ہم یہ شکوہ کرتے ہیں کہ بینک ڈیپازٹرز کو پانچ سے سات فی صد منافع دیتے ہیں جو مہنگائی کا مقابلہ بھی نہیں کر پاتا، تو ہم لاشعوری طور پر جدید مغربی انسان کی اس نفسیات کی تائید کر رہے ہوتے ہیں کہ انسان کا بنیادی حق یہ ہے کہ اس کا جمع شدہ سرمایہ ہر حال میں بڑھے اور افراط زر سے محفوظ رہے، حالانکہ مذہبی تصور معیشت کی بنیاد سرمائے کی حفاظت اور بڑھوتری پر نہیں بلکہ اللہ کی راہ میں مال خرچ کر دینے زہد اور استغنا پر استوار ہے۔ و
قت کا تقاضا ہے کہ ہمارے اہل علم جدید مغربی اداروں کو جزوی عقود میں توڑ کر حلال و حرام کے فتویٰ دینے کے بجائے، پورے سرمایہ دارانہ نظام کی تہذیبی و فکری بنیادوں کا محاکمہ کریں۔ جب تک ہم سرمایہ داری کے دسترخوان پر بیٹھ کر اس کے اداروں کو درست کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے، تب تک سرمائے کی حکمرانی کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ حقیقی اسلامی معیشت بینکوں کی عمارتوں سے نہیں بلکہ مسجد، خانقاہ اور باہمی مواخات پر مبنی اس معاشرتی ڈھانچے سے جنم لے گی جہاں مال مقصود نہیں بلکہ محض رضائے الٰہی کے حصول کا ایک ادنیٰ وسیلہ ہوتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل