Thursday, November 19, 2026
 

خدشات

 



مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اصلاحات کے بغیر بنے نئے صوبے و انتظامی یونٹس ملک میں نئی بادشاہتوں اور سلطنتوں کو جنم دیں گے۔ آئین، قانون، انصاف، جمہوری اصولوں کی روگردانی اور ہر مسئلے کے حل کے لیے محض طاقت کا استعمال عام آدمی کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ نہ فرسودہ ریاستی نظام کو ختم کر سکتا ہے ان قباحتوں کو دور کیے بغیر سسٹم کی اصلاح ممکن نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی ری سیٹ کام آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری اور اس میں تجاوزات کا خاتمہ، شفاف انتخابات کی مکمل ضمانت، غیر جمہوری مداخلت کی روک تھام، موروثی طاقتور طبقات کی سیاست کو مڈل کلاس تک منتقل کرنے کے لیے نئے سیاسی نظام کی تشکیل، سیاسی جماعتوں میں داخلی جمہوریت کے احیا، بااختیار بلدیاتی نظام میں اختیارات و اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی، سول سروس کی اسٹرکچرنگ، غیر جانبدار نظام عدل ہی پاکستان کو لاحق بیماریوں کا علاج ہے۔ بنیادی اصلاحات کے بغیر بنائے جانے والے نئے اور چھوٹے صوبے، انتظامی یونٹس گڈ گورننس کی بجائے نئی بادشاہتوں اور سلطنتوں کو جنم نہ دے دیں۔ جس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے ویسا ہی اظہار دیگر سیاستدان بھی کر رہے ہیں۔ چار عشروں قبل اے این پی کے بانی عبدالولی خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جس کے پاس سو کروڑ ہوں وہ قومی اسمبلی کے ارکان کی اکثریت کو خرید سکتا ہے۔ جب ولی خان نے یہ کہا تھا اس وقت ارکان قومی اسمبلی کی تعداد کم تھی اور اس وقت سو کروڑ روپے کی بہت اہمیت تھی اور آج کے سو ارب روپے سے زائد تھی جب کہ ارکان قومی اسمبلی زیرک، سمجھدار اور خاندانی اور تجربے کار بھی تھے آج جیسے غیر ذمے دار، جذباتی ارکان نہیں تھے جب کہ آج تو یہ حالت ہے کہ ملک کے بزرگ اور تجربے کار بعض سیاستدان بھی بیانات میں غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر دیتے ہیں۔ کسی خطاب میں ارکان اسمبلی اور سیاستدانوں کی قابل اعتراض باتوں پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا ،اس لیے بغیر خوف و خطر ملکی سالمیت پر بھی اظہار خیال کر لیا جاتا ہے اور حکومت کو بھی نہیں بخشا جاتا۔ ملک میں نئے صوبوں و انتظامی یونٹس کے جو مطالبے ہو رہے ہیں ان میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے قیام میں بڑے سیاستدان رکاوٹ ہیں ، سیاستدان ملکی وسائل لوٹ رہے ہیں ان کی تقریریں اپنی سیاسی جاگیریں بچانے کے لیے ہیں اس لیے ریاست بچانے کے لیے نئے صوبے ناگزیر ہیں۔ نئے صوبوں کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اجارہ داری اور موروثی سیاست نے ملک کے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے۔ نئے صوبوں کے مخالف اپنے دلائل دے رہے ہیں ، دونوں طرف سے دلائل دیے جا رہے ہیں مگر بعض سیاستدانوں کی جانب سے جن خدشات کا اظہار کیا گیا ہے وہ واقعی اہمیت کے حامل ہیں اور محض ریفرنڈم میں موجودہ نظام سے بے زار عوام نے اگر نئے صوبوں کے حق میں ووٹ دے بھی دیا اور بغیر اصلاحات ملک میں نئے صوبے بن بھی گئے تو کیا گارنٹی ہے کہ ان میں کوئی وزیر اعلیٰ حد سے زیادہ جذباتی اور غیر ذمے دار نہیں ہوگا۔ یہ پاکستان ہے بھارت تو ہے نہیں کہ موجودہ جاگیردارانہ سسٹم سے تعلق رکھنے والے ہی اقتدار میں آئیں گے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے کسی فرد کا اقتدار میں آنا ممکن نہیں ہوگا۔ پاکستان کے عوام مختلف سیاسی جماعتوں کے خوشنما دستور اور ان کے قائدین کا اقتدار دیکھ چکے ہیں کہ ان سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ کیوں پورے نہیں کیے گئے یہ حق تو کبھی عوام کو ملا اور نہ ہی نئے صوبوں کے بننے میں ملے گا۔ جیسے عوام ویسے حکمران ہمیں ملتے ہی رہے ہیں اور 1973 کے بعد نصف صدی سے عوام ان ہی چہروں یا ان کی اولادوں کو دیکھتے آ رہے ہیں جو خود یا ان کے خاندان مسلسل اقتدار میں ہی نظر آئے۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے جو نئے چہرے سیاست میں متعارف کرائے تھے وہ بھی سابقین جیسے ہی بعد میں بن گئے بلکہ بعض ان سے بھی دو ہاتھ آگے نکل گئے۔ جنرل ایوب کے دور میں ملک میں دو صوبے تھے اور ملک کے بائیس امیر ترین خاندانوں کا ذکر ہوتا تھا جن کی تعداد آدھے ملک 22سو سے تو چاروں صوبوں میں بڑھی ہے کم نہیں ہوگی۔ جنرل ضیا دور میں ایک اور جنرل پرویز کے دور میں تین وزیر اعظم آئے مگر کرپشن اور ملک لوٹنے کے الزامات 6 منتخب وزرائے اعظم پر لگے یا ان کے دور میں امیر ترین خاندانوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ملک غریب اور مقروض جب کہ چاروں صوبوں میں حکمرانی کرنے والے سیکڑوں افراد اربوں پتی اور کھربوں پتی بن چکے ہیں مگر ان کی ہوس حکمرانی کم نہیں ہوئی اور وہ اپنوں کے علاوہ نئے چہروں کے اقتدار میں آنے کے حامی نہیں اب بھی لوٹ مار کے قصے سنائی دیتے ہیں ۔سیاستدان جن خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں وہ تو سو فی صد ناممکن ہیں، البتہ انھوں نے نئے صوبوں سے متعلق جن خدشات کا اظہار کیا ہے وہ بالکل ممکن ہیں اور سیاست جس مقام پر آ چکی ہے اس میں ملک سے زیادہ اپنے پسندیدہ سیاستدانوں کو فوقیت حاصل ہو چکی ہے۔ ایک سابق حکمران نے کہا تھا کہ مجھے ہٹانے کی بجائے ملک پر ایٹم بم مار دیا ہوتا۔ اس کے چاہنے والے کہہ چکے ہیں کہ وہ نہیں تو پاکستان نہیں ایسے حالات میں کیسے توقع کی جا سکتی ہے کہ نئے صوبوں کے حکمران اپنی سیاست سے زیادہ ملک سے مخلص ہوں گے۔ نئے صوبوں میں انتہا پسندوں نے اپنی اکثریت کے باعث اگر عوام دشمن قراردادیں منظور کرا لیں یا عوامی مفادات کے خلاف فیصلے کرا لیے تو کیا ہوگا؟ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے وزرائے اعلیٰ زیادہ بااختیار ہوئے ہیں اور مرضی سے سرکاری خزانہ خرچ کر رہے ہیں۔ نئے صوبوں میں مالی حیثیت مختلف ہوگی بعض مالا مال اور بعض بمشکل اپنا صوبہ چلانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ مالا مال صوبے حکمرانوں کی دولت بڑھانے کا اور غریب صوبے کے عوام مزید غریب بنا دیے جائیں گے۔ ضروری ہے کہ اصلاحات کے بغیر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام بہت سے مسائل بھی ساتھ لائے گا۔اس لیے نئے صوبے بنانے سے پہلے اصلاحات پر بھی توجہ دی جائے پھر ہی نئے صوبے عوام کے مسائل کے حل میں بہتر کردار ادا کر سکیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل