Loading
وزیراعظم سے ترک وزیر توانائی نے ملاقات کی اور بتایا کہ ترک تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا، وزیراعظم نے ترک جہاز کی آمد کا خیر مقدم کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر (Alparslan Bayraktar) اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں۔
A delegation led by Minister of Energy and Natural Resources of Turkiye H.E. Alparslan Bayraktat called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif in Islamabad, today. pic.twitter.com/qoZ5J2gDaW
— Prime Minister's Office (@PakPMO) November 20, 2026
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر (Alparslan Bayraktar) اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ.
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات… pic.twitter.com/1KJqeLxLzg
— Prime Minister's Office (@PakPMO) November 20, 2026
ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا، منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
ترکیہ کے وفد میں ترک پارلیمنٹ کے ممبر اور پاکستان-ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوولو اور ترکیہ کے وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔
عشایے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جنید انور چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس لغاری، مشیر وزیر اعظم محمد علی اور معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹینٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال بھی موجود تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل