Saturday, November 21, 2026
 

ایران پر حملے کا فیصلہ ٹرمپ کا تھا، میرا کام ان کی حمایت کرنا ہے، جے ڈی وینس

 



واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران پر فوجی حملے کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا اور بطور نائب صدر ان کی ذمہ داری صدر کے فیصلوں کی حمایت کرنا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ اگر فیصلہ ان کے اپنے اختیار میں ہوتا تو کیا وہ بھی ایران پر حملوں کی منظوری دیتے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وینس نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر فروری میں حملے کا فیصلہ صدر نے کیا تھا اور ان کا کام امریکی صدر کی حمایت کرنا ہے۔ وینس نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکا کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرلیتا ہے تو اسے عالمی سطح پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرسکتا ہے یا اس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی صدر ٹرمپ کی طرح ایران پر حملے کا فیصلہ کرتے تو انہوں نے براہِ راست جواب نہیں دیا۔ انہوں نے دوبارہ کہا کہ فیصلہ صدر کا اختیار ہے اور ٹرمپ واضح کرچکے ہیں کہ وہ ضرورت پڑنے پر یہی اقدام دوبارہ کریں گے۔ وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے حال ہی میں ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں تاریخی شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا تھا اور امریکا کے اس تنازع سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کے اس بیان کے بعد ٹرمپ اور نائب صدر کے درمیان ایران پالیسی پر اختلافات کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ وائٹ ہاؤس میں تازہ گفتگو کے دوران ٹرمپ نے بھی وینس سے توقع ظاہر کی کہ وہ ایران پر حملوں کو ضروری قرار دینے اور دوبارہ ایسا فیصلہ کرنے کی حمایت کا اظہار کریں گے۔ تاہم وینس نے اپنے تازہ بیان میں حملوں کو دوبارہ کرنے کی ذاتی حمایت کا واضح اعلان نہیں کیا، بلکہ صدر کے فیصلے کی حمایت کو اپنی ذمہ داری قرار دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل