Saturday, November 21, 2026
 

خیبرپختونخوا؛ 12 اضلاع میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

 



خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام متعلقہ افسران کو 3 روز میں وضاحت طلب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو غیر حاضر اساتذہ سے 3 روز میں تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تسلی بخش وضاحت نہ دینے والے مسلسل غیر حاضر اساتذہ کے خلاف قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی غیر حاضری سے بچوں کی تعلیم اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ سیکرٹری تعلیم کو کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مقررہ وقت میں سیکرٹریٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ کی مجموعی تعداد 1916 ہے، جن میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 419 اساتذہ غیر حاضر ہیں، جبکہ ضلع بنوں میں 348 اور جنوبی وزیرستان اپر میں 243 اساتذہ کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔ اسی طرح  ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ غیر حاضر ہیں۔ ضلع کرم میں 130 اور خیبر میں 114 اساتذہ کی غیر حاضری سامنے آئی ہے۔ ضلع باجوڑ میں 88 اور مہمند میں 70 اساتذہ غیر حاضر ہیں، جبکہ ضلع اورکزئی میں 66 اور ٹانک میں 52 اساتذہ کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔ جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری سامنے آئی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) شامل ہیں، جبکہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT) بھی غیر حاضر اساتذہ کی فہرست میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی شامل ہیں۔ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کیا  ہے۔ انہوں نے  کہا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل