Loading
بیلجیم میں حکومتی کفایت شعاری اقدامات کے خلاف ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی ملک گیر ہڑتال کے باعث پیر 23 نومبر کو ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہونے اور تقریباً تمام پروازیں منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔
بیلجیم میں فضائی ٹریفک کنٹرول کی ذمہ دار کمپنی اسکائیز نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک معمول کی فضائی ٹریفک کنٹرول سروس فراہم نہیں کی جاسکے گی۔
کمپنی کے مطابق عملے کی متوقع کمی کے باعث پروازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا ممکن نہیں ہوگا، تاہم ہنگامی اور اہم حفاظتی پروازوں کے لیے کم سے کم ضروری خدمات دستیاب رہیں گی۔
ملک کے سب سے بڑے برسلز ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ آنے اور جانے والی زیادہ تر پروازیں منسوخ کرنا پڑیں گی، جبکہ چارلروئے ایئرپورٹ کے مطابق ہڑتال کے نتیجے میں ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پورے دن فضائی آپریشن معطل ہوسکتا ہے، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوں گے۔
بیلجیم میں وزیراعظم بارٹ ڈی ویور کی حکومت کی جانب سے آئندہ برسوں میں 10 ارب یورو کی بچت کے منصوبے کے خلاف گزشتہ کئی ماہ سے احتجاج اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم حکومت کے اتحادیوں کے ساتھ نئے کفایت شعاری بجٹ پر اتفاق رائے کے لیے مذاکرات کررہے ہیں۔
رواں ماہ حکومتی اتحاد میں اختلافات کے باعث انہوں نے استعفیٰ دینے کی پیشکش بھی کی تھی، تاہم شاہ فلپ نے استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے مزید وقت دیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل