Sunday, November 22, 2026
 

پاکستان کی بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک کو مکالمے کی دعوت

 



پاکستان نے بھارت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کو باہمی مکالمے اور تعاون کی دعوت دیتے ہوئے علاقائی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تنظیم کے رکن ممالک کو یہ پیغام دیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حقیقی مکالمہ مختلف نظریات اور ثقافتوں کے حامل افراد اور قوموں کے درمیان ہی ممکن ہوتا ہے۔ اگر تمام شرکا کی سوچ یکساں ہو تو اسے مکالمے کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ثقافتی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تمام رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے اس تاریخی اور تہذیبی ورثے سے استفادہ کریں۔ مصدق ملک نے اپنے خطاب میں ثقافتی اثاثوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ایک مشترکہ نیٹ ورک قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھی ایس سی او کے مشترکہ پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت اجاگر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہییں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی اجلاس میں اردو زبان میں خطاب کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے اردو ادب کے عظیم شعرا مرزا غالب اور علامہ محمد اقبال کا حوالہ بھی دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل