Sunday, November 22, 2026
 

قطر اور جرمنی کا ایران سے حوثی گروہ کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ

 



قطر اور جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثی گروہ کی حمایت ختم کرے اور اپنے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور شفافیت میں اضافہ کرے۔ دونوں ممالک نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں علاقائی امن و استحکام اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ قطر اور جرمنی نے ایران پر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے حوثی گروہ کو اسلحہ اور دیگر معاونت فراہم کرنا بند کرے، اپنے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی معاہدوں کی پاسداری کرے اور بین الاقوامی جوہری ادارے (IAEA) کے ساتھ تعاون بڑھائے۔ یہ مطالبات امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے 20 اور 21 نومبر کو جرمنی کے سرکاری دورے کے موقع پر جاری مشترکہ اعلامیے میں سامنے آئے۔  دونوں ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے یا حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے تہران پر زور دیا کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے اور عالمی جوہری ادارے کے حفاظتی معاہدوں کی پاسداری کرے، جوہری سرگرمیوں کے بارے میں شفافیت بڑھائے اور معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ قطر اور جرمنی نے یمن میں حوثیوں کی فوجی کارروائیوں اور سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کو اسلحہ اور دیگر فوجی مدد فراہم کرنا بند کرے۔ دونوں ممالک نے حوثیوں پر بھی زور دیا کہ وہ حملے روکیں، تجارتی جہازوں کو دھمکیاں دینا بند کریں اور سیاسی مذاکرات کی طرف واپس آئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل