Sunday, November 22, 2026
 

کراچی: مختلف جماعتوں کی ریلیوں کے سبب کئی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام

 



کراچی میں اتوار کو مختلف جماعتوں کی ریلیوں کے سبب کئی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، شہریوں کو منزل مقصود پر پہنچنے میں شدید تاخیر ہوئی، تاہم ریلیاں ختم ہونے کے بعد شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک بحال ہو گیا۔ قوم پرست جماعت کی مختلف علاقوں سے آنے والی ریلیاں ڈرگ روڈ پر جمع ہوئیں، پولیس نے ڈرگ روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے شاہراہ فیصل کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے بعد ڈرگ روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ ملینیم سے ڈرگ روڈ جانے والا روڈ بھی بند کر دیا گیا۔ ریلی ڈرگ روڈ سے ملینیم، ڈالمیا سے ہوتی ہوئی ایمپریس مارکیٹ پہنچی اور میٹروپول چورنگی پر ختم ہوئی۔ اس ریلی کے سبب کئی مقامات پر ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، کئی مقامات پر گاڑیوں کو راستہ ملنے میں بھی دشواری ہوئی۔ ایک مذہبی جماعت کی گرومندر ریلی کے سبب بھی اطراف کی شاہراہوں کی بندش کی وجہ سے متبادل راستوں پر ٹریفک کا دباؤ رہا۔ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق گرومندر پر مذہبی جماعت کے احتجاجی دھرنے کے پیش نظر متبادل راستوں کا تعین کیا گیا تھا۔ جیل چورنگی سے گرومندر جانے والی ٹریفک کو بنوریہ لائٹ سگنل سے پیپلز چورنگی کی جانب، لیاقت آباد سے گرومندر جانے والی ٹریفک کو تین ہٹی سے پی آئی بی کالونی کی جانب اور لسبیلہ سے گرومندر جانے والی ٹریفک کو فاطمی کٹ اور البیلہ لائٹ سگنل سے متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مظاہرے اور ریلی کے سبب گرومندر جانب جمشید روڈ، عسکری فور جانب ڈرگ روڈ مین راشد منہاس روڈ، دین محمد وفائی روڈ کے دونوں اطراف فوارہ چوک جانب کھجور چوک ایوان صدر روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے جبکہ شاہراہ فیصل روڈ، آواری ٹاور جانب ایف ٹی سی بھی سیکیورٹی کے باعث بند رکھا گیا۔ ٹریفک کو آواری ٹاور سے فاطمہ جناح روڈ اور سندھ کلب کی طرف بھیجا گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق  ریلی اور مظاہرے کے بعد بند تمام شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس متحرک رہی۔ ڈی ایس پی ایئرپورٹ، سیکشن افسران راشد منہاس، ایمپریس مارکیٹ، فیروز آباد، کینٹ اور دیگر افسران اپنی نفری کے ہمراہ راشد منہاس روڈ، ملینیم مال، ایمپریس مارکیٹ، دواخانہ، رینبو سینٹر، نرسری اور آواری ہوٹل کے اطراف موجود رہے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دیتے رہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ میں رہیں اور تازہ ترین صورتحال کے لیے ایف ایم ریڈیو 88.6 سنتے رہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل