Sunday, November 22, 2026
 

کتاب کیوں لکھیں؟

 



کتاب کیوں لکھیں؟ پہلا سوال مجھ سے وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں میں کتاب لکھنے کو کہتا ہوں۔ میرا جواب ہو تا ہے کہ لکھا ہوا کام یاد رہتا ہے اور شائع ہونے والا کام تاریخ بن جاتا ہے۔ شاید مجھے اس حقیقت کا احساس نہ ہوتا اگر میں نے اپنی کتاب شائع کرنے کا تجربہ نہ کیا ہوتا۔ میں خود بھی اس احساس سے واقف نہ رہتا کیوںکہ انسان جب تک خود تجربہ نہ کرلے وہ کسی مفروضے سے مکمل طور پر متفق نہیں ہوتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اب مجھے یہ تجربہ دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کی ضرورت ہے۔ میری سوچ ہے کہ کتاب لکھنا اس لیے ضروری ہے کہ یہ آپ پر ایک سماجی، علمی اور ادبی ذمے داری ہے، مجبوری نہیں۔ اس مضمون میں ہم اُن سات نکات پر بات کریں گے جو آپ کو اپنی پہلی کتاب لکھنے اور شائع کروانے پر تحریک اور معاونت کریں گے۔  مصنف کی منفرد شناخت اگر آپ 100 لوگوں سے کہیں کہ وہ اپنی کتاب لکھیں تو ان میں سے شاید صرف 2 افراد ہی اپنی کتاب لکھنے کا فیصلہ کریں گے۔ میرا ماننا ہے کہ کتاب آپ کو ایک الگ شناخت دیتی ہے۔ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کتاب لکھنے سے پہلے آپ کی کوئی شناخت نہیں ہوتی، لیکن کتاب کی اشاعت کے بعد معاشرہ آپ کو درحقیقت زیادہ سنجیدگی سے لیتا ہے اور آپ کو اپنے شعبے اور متعلقہ موضوع کا ماہر تسلیم کرنے لگتا ہے۔ یاد رہے کہ ماننے اور تسلیم کرنے میں فرق ہوتا ہے، اور یہی فرق آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ کتاب آپ کا علمی شناختی کارڈ ہے، جو ہمیشہ لوگوں کے پاس موجود رہتا ہے۔ آپ کی ایم بی اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن کتاب بھی آپ کو معاشرے میں ایک الگ علمی اور پیشہ ورانہ شناخت عطا کرتی ہے۔ اس لیے اپنی کتاب لکھنا اپنی پیشہ ورانہ مہارت، علمی قابلیت اور تجربے کو مستند انداز میں معاشرے کے سامنے متعارف کروانے اور منوانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ علمی وراثت اور تجربے کی منتقلی کتاب لکھنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ کسی حد تک آپ کی ذاتی خوداعتمادی میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ اس کے ساتھ آپ کو اس بات کا فخر اور اعزاز بھی حاصل ہوتا ہے کہ آپ دُنیا میں اپنا کچھ حصہ ڈال رہے ہیں اور اپنے علم، تجربے اور سوچ کے ذریعے انسانیت کے لیے کوئی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسانی زندگی کی عظیم خواہشات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ لوگ اسے ایک ایسے شخص کے طور پر یاد رکھیں جس نے اس دُنیا کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہو۔ کتاب آپ کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ آپ کا علم، تجربہ اور سوچ آپ کی زندگی کے بعد بھی لوگوں کی راہ نمائی کرتے رہیں۔ آج کے دُور میں کتاب لکھنا پہلے کے مقابلے میں بہت آسان ہوچکا ہے۔ اگر آپ روزانہ ایک ہزار الفاظ لکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دو گھنٹے مطالعے کے لیے نکال سکتے ہیں تو آپ بہت کم عرصے میں اپنی کتاب مکمل کرسکتے ہیں۔ شرط صرف یہ ہے کہ آپ میں لکھنے کا عزم، سیکھنے کا شوق اور مستقل مزاجی موجود ہو۔  عالم گیر دُنیا سے روابط کتاب لکھنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ کتاب آپ کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اس کے ذریعے آپ دُنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور اپنے خیالات، تجربات اور علم کو دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں۔ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ آپ کو خود بھی اندازہ نہیں ہوتا کہ آپ کی کتاب آپ کو کہاں کہاں لے جا سکتی ہے۔ یہ شاید آپ کے وہم و گمان اور سوچ سے بھی باہر ہو کہ آپ کی کتاب کی وجہ سے آپ کو کن مقامات پر مدعو کیا جا سکتا ہے، کن لوگوں سے ملاقات کا موقع مل سکتا ہے اور آپ کے لیے کون سے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔ معروف ٹرینر اور مصنف برائن ٹریسی کے مطابق، کتاب مارکیٹنگ کا ایک بہترین ذریعہ اور دُنیا بھر میں لا آف سروس پر عمل کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ درحقیقت، کتاب کے ذریعے آپ لوگوں کو متاثر کرتے ہیں، اپنے علم، تجربے اور حکمت کی روشنی میں ان کی راہ نمائی کرتے ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ آخرکار، ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اس کے عہدے، دولت یا کامیابیوں کے بجائے اس کردار کی وجہ سے یاد رکھا جائے جو اس نے دوسروں کی زندگیوں اور اس دُنیا کو بہتر بنانے کے لیے ادا کیا۔ زندگی کے بعد بھی زندہ علمی وراثت آپ کی لکھی ہوئی کتاب آپ کے بعد بھی آپ کی سوچ، علم اور تجربے کو زندہ رکھ سکتی ہے۔ کتاب آپ کو منفرد شناخت دیتی ہے۔ آپ صاحبِ کتاب ہونے کے ناتے آپ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک علمی اور قیمتی سرمایہ چھوڑ جاتے ہیں۔ آپ دُنیا کو اپنی نظر سے دیکھنے اور دوسروں کو دِکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ اپنی ذاتی، خاندانی اور معاشرتی تاریخ کو محفوظ کر لیتے ہیں۔ آپ دُنیا میں اپنے علم، تجربات، مشاہدات اور سوچ کا ایک عملی خزانہ چھوڑ کر جاتے ہیں۔ دولت اور وراثت صرف مالی سرمایہ نہیں ہوتیں، بلکہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کے لیے علم، تجربہ اور فکری اثاثہ بھی ایک قیمتی وراثت ہیں۔ کتاب انسان کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہے۔ آپ صرف اپنی اولاد، خاندان، خاندانی معاملات یا دفتری کاموں میں ہی زندہ نہیں رہتے، بلکہ لائبریریوں، کتابوں اور تاریخ کے صفحات میں بھی زندہ رہتے ہیں۔ آپ علم کے سمندر میں اپنی موجودگی برقرار رکھتے ہیں۔ لائبریری میں آپ کی رُوح ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔ جب آپ کے خیالات کاغذ پر الفاظ کی صورت اترتے ہیں تو وہ الفاظ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ دُنیا اور زندگی کو دیکھنے کا مختلف نقطۂ نظر کتاب لکھ کر آپ دُنیا کے لیے اپنا نظریہ، زندگی کو دیکھنے کا اپنا نقطۂ نظر، اپنے تجربات اور اپنے وجود کا ایک فکری نشان چھوڑ جاتے ہیں۔ یاد رکھیے! دولت کی وراثت ایک نسل کو آسودہ کر سکتی ہے، لیکن علم کی وراثت آنے والی نسلوں کی سوچ، زندگی اور مستقبل بدل سکتی ہے۔ کتاب تاریخ کو محفوظ رکھتی ہے، نسلوں کو شعور دیتی ہے اور مستقبل کو مضبوط بناتی ہے۔ کتاب لکھنے کے ذریعے آپ کائنات، زندگی اور معاشرے کو دیکھنے کے اپنے منفرد تصور، نقطۂ نظر اور زاویہ کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کر دیتے ہیں۔ کتاب محض الفاظ کا مجموعہ نہیں ہوتی، بلکہ یہ کائنات، زندگی اور معاشرے کو دیکھنے کے ایک منفرد زاویہ نگاہ کی دستاویز ہوتی ہے۔ جب آپ کتاب لکھتے ہیں تو درحقیقت اپنے عہد کے شعور، اپنے تجربات اور اپنے تصورِکائنات کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کر دیتے ہیں۔ بڑے خوابوں کی بنیاد دُنیا میں آنے والے اربوں انسانوں میں شاید بہت کم خوش نصیب لوگ ہوتے ہیں جو اپنے جانے کے بعد بھی اپنی کتابوں کے ذریعے اپنے وجود کا احساس زندہ رکھتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ اس کائنات اور دُنیا میں آنے والا ہر انسان قدرت کا ایک انمول نگینہ ہے، اور اس کا اس دُنیا کو دیکھنے کا نقطۂ نظر بھی اتنا ہی قیمتی اور اہم ہے۔ اس لیے جب کوئی انسان کتاب لکھتا ہے تو وہ نہ صرف اپنے خیالات کو کاغذ پر اتارتا ہے بلکہ اپنے بعد آنے والی نسلوں کو یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ وہ اس سے بھی بڑے خواب دیکھیں۔ کتاب لکھ کر آپ دُنیا پر کوئی احسان نہیں کرتے، نہ ہی دُنیا کو تبدیل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، بلکہ آپ اُس دُنیا کی تبدیلی میں اپنا معمولی سا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ کردار جو شاید آپ کی نظر میں بہت مختصر ہو، لیکن کسی دوسرے کی زندگی میں ایک نیا ز نگاہ اور نئی سوچ پیدا کرنے کی تحریک بن سکتا ہے۔مجھے بھی اس بات کا اندازہ اپنی پہلی کتاب کی اشاعت اور دوسری کتاب لکھنے کے بعد ہوا کہ شاید میرے لیے کتاب لکھنا ایک معمولی اور عام سی بات تھی، کیونکہ میں کئی سالوں سے لکھ رہا تھا۔ لیکن کسی عام شخص کے لیے آپ کی یہ کتاب ایک بہت بڑا کارنامہ ہو سکتی ہے۔ اس لیے اپنی اس کام یابی کو ہرگز صرف اپنی کامیابی نہ سمجھیں، بلکہ اسے اپنے قارئین کے لیے بھی ایک اہم کارنامہ تصور کریں۔ عملی و ادبی ورثہ؛ حقیقی و فکری آزادی کا سرمایہ ہمارا معاشرہ معاشی زوال کے ساتھ ساتھ اخلاقی، علمی اور فکری فقدان کا بھی شکار ہے، جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے کو زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی تگ و دو میں ہی مصروف کردیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی سوچ اور فکر کی قید اور غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر نئے افکار، نئی سوچ اور نئے خیالات کو پروان نہ چڑھا سکے اور زندگی کی تنگ دستی اور روٹی کی چکی میں ہی پس کر اپنے خوابوں کو پورا نہ کرسکے۔ یہ سماج کے ساتھ ظلم ہے، جس سے حقیقی آزادی صرف کتاب دلا سکتی ہے۔ اور اس میں ہر انسان کی کہانی، اس کا تجربہ، اس کا علم اور حکمت اتنی ہی قیمتی اور نایاب ہے جتنی کسی اہم عہدے اور مقام پر فائز انسان کی۔ یقین مانیے، میرے بس میں ہو تو میں اس معاشرے کو تین وقت کی روٹی کی جگہ دو وقت کی روٹی اور ایک وقت کتاب دوں، تاکہ اس معاشرے کی جسمانی بھوک کے ساتھ ساتھ علم و ادب کی بھوک کو بھی مٹایا جا سکے۔ اس کے اندر شعور پیدا کیا جاسکے، کتاب سے دوستی اور لگاؤ پیدا کیا جا سکے اور کتاب کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی عادت اور روایت ڈالی جاسکے۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ اگر آپ کی زندگی آپ کی پچھلی نسل سے بہتر ہے تو پھر آپ کو اپنی اس نسل اور کامیابی کے سفر کو کتابی شکل میں ضرور شائع کرنا چاہیے۔ یہ صرف آپ کی کامیابی نہیں بلکہ ایک نسل کا سفر ہے، اور یہ ہر اس نسل کے لیے تحریک اور اُمید کا سبب ہے جو اپنی نسلوں کے سفر کو ایک زندگی میں طے کرنا چاہتی ہے۔ کتاب لکھنا اور شائع کروانا ایک خواب کی تکمیل ہے جو نسلوں کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ آپ کی قدرتی اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کے ایک ذریعے سے بڑھ کر ایک نئی دُنیا کی بنیاد بن سکتا ہے۔ کاش ہمارے معاشرے میں ادب اور ادیب کو وہ عزت ملے جس کا وہ حقدار ہے تو بے شمار لوگ اس خوب صورت حقیقت کا تجربہ کر سکیں۔ کتاب لکھنے اور شائع کروانے کے لیے جن تکلیفوں سے گزارنا پڑتا ہے، اُس کا اندازہ وہ شخص ہی کرسکتا ہے جو اس عمل سے گزر ہے۔ لیکن کتاب کی اشاعت کے بعد جب تقریبِ رونمائی ہوتی ہے تو یوں لگتا ہے جسے سارا جہاں آپ کی خوشی اور استقبال میں جھوم رہا ہے۔ تو پھر آپ کب اس اس استقبال کی تیاری کررہے ہیں، مجھے انتظار رہے گا، آپ کو اپنے ادبی اور تخلیقی سفر پر روانگی مبارک ہو!  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل