Sunday, November 22, 2026
 

یمن کے قریب خلیج عدن میں بحری قزاقوں کے 3 حملے ناکام، مصری عملے نے جہاز بچا لیا

 



یمن کے ساحل کے قریب خلیج عدن میں بحری قزاقوں نے ایک تجارتی جہاز پر تین مرتبہ قبضے کی کوشش کی تاہم مصری عملے نے تینوں حملے ناکام بنا دیے۔ مصر کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 17 نومبر کو پیش آیا جب سان مارینو کے پرچم تلے سفر کرنے والے تجارتی جہاز گولڈن جوائے کو تیز رفتار کشتیوں میں سوار مشتبہ بحری قزاقوں نے تین مرتبہ نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ وزارت کے مطابق جہاز پر مصری کپتان علی سلیمان سمیت 21 مصری ملاح سوار تھے اور جہاز عمان کی بندرگاہ دقم کی جانب روانہ تھا۔ حملہ آور کشتیوں سے بچنے کے لیے جہاز کے عملے نے راستہ تبدیل کیا اور رفتار بڑھا دی، جبکہ جہاز پر تعینات مسلح سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کشتیوں کو دور رکھنے کے لیے انتباہی فائرنگ کی۔ مصری وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ عملے کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث حملہ آور جہاز پر سوار ہونے میں ناکام رہے اور تینوں کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ وزارت کے مطابق واقعے میں کسی بھی ملاح کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور جہاز اپنا سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔ مصر کی وزارت ٹرانسپورٹ نے وضاحت کی کہ بعض میڈیا رپورٹس میں جہاز کا نام قاہرہ لائٹ اور اسے مصری پرچم بردار قرار دیا گیا تھا، تاہم اصل جہاز گولڈن جوائے تھا جو سان مارینو کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔ واقعے سے متعلق برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اور لائبیریا میری ٹائم اتھارٹی نے بھی بحری جہاز پر قبضے کی کوشش سے متعلق سیکیورٹی انتباہات جاری کیے تھے۔ واضح رہے کہ خلیج عدن عالمی تجارت کے لیے ایک اہم سمندری راستہ ہے جو بحیرہ احمر کو بحر ہند سے ملاتا ہے۔ اس علاقے میں بحری قزاقوں کی سرگرمیوں کے باعث تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل