Monday, November 23, 2026
 

امریکا شرائط پوری کرے تو دو گھنٹے میں آبنائے ہرمز کھل سکتی ہے، ایران کی بڑی پیشکش

 



ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکا تہران کی شرائط پوری کردے تو وہ چند گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال کرکے اسے دوبارہ کھول سکتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ کسی معاہدے کی صورت میں ایران بہت تیزی سے اقدامات کرسکتا ہے۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا معاہدہ طے پانے کے دو گھنٹے کے اندر اہم آبی گزرگاہ کو مکمل طور پر کھولا جاسکتا ہے؟ اس پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے اور دوسری جانب کی جانب سے متعلقہ شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں جلد از جلد ان پر عمل درآمد کرے گا۔ تاہم ایرانی ترجمان نے واضح کیا کہ تہران ایرانی عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنے مقاصد اور عوام کے حقوق سے آگاہ ہے اور ان کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔ اسماعیل بقائی نے امریکا کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی طرف سے فتح کے اعلانات تقریباً روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی عوام کو اپنی سرزمین یا قومی وقار سے دستبردار نہیں کرسکتیں بلکہ اس طرح کے بیانات ملک کے عزم اور اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو وہ دوبارہ جنگ شروع کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل