Loading
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔
دونوں ممالک کے مابین عدالتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان اور ترکیہ کے کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز نے یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تقریب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے عدالتی نظام کو جدید بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ ضلعی عدلیہ کی تربیت کے لیے اہم پیشرفت ہے، جبکہ یہ معاہدہ پاک ترکیہ عدالتی تعاون دونوں برادر ملکوں کو قریب لائے گا۔ معاہدہ عدالتی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ پاکستان نے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں رول ماڈل ہے۔ اس معاہدے سے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔ ای کورٹس سے انصاف تک رسائی بہتر ہوگی اور عدالتی تجربات کے تبادلے سے نظام انصاف جدید ہوگا۔
ترکیہ کورٹ آف سیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آمد پر خوشی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ عدالتی نظام میں تجربات کے تبادلے سے دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں۔ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کو مؤثر اور شفاف بنانا ضروری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل