Loading
پیرس پیرالمپکس 2024 میں برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے وہیل چیئر باسکٹ بال میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑی لی فرائر پر 11 مرتبہ زیادتی سمیت مجموعی طور پر 17 جرائم کے الزامات عائد کردیئے گئے۔
26 سالہ لی فرائر جمعرات کو لیڈز کراؤن کورٹ میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا۔
مغربی یارکشائر کے علاقے پونٹفریکٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی پر زیادتی کے علاوہ خفیہ طور پر دوسروں کی ویڈیوز بنانے، قصداً گلا گھونٹنے، جسمانی نقصان پہنچانے والے حملے اور کلاس اے منشیات رکھنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ان کے خلاف الزامات کا تعلق مئی 2021 سے مئی 2026 کے درمیان پانچ سالہ عرصے سے ہے۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے لیے آئندہ سال سات روزہ ٹرائل مقرر کردیا ہے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے والے لی فرائر کو عدالتی کارروائی کے بعد حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا۔
لی فرائر نے پیرس 2024 پیرالمپکس میں برطانیہ کی وہیل چیئر باسکٹ بال ٹیم کی نمائندگی کی تھی جہاں ٹیم نے تاریخی طور پر چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
برٹش وہیل چیئر باسکٹ بال نے انہیں جولائی میں تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا تھا۔ تنظیم کی ویب سائٹ پر ان کی معطلی کی وجہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی درج ہے۔
پیرالمپکس جی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لی فرائر کے خلاف عائد الزامات سے آگاہ ہے۔ تاہم، معاملہ قانونی کارروائی کے مراحل میں ہونے کے باعث اس وقت مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب برٹش وہیل چیئر باسکٹ بال کے ترجمان نے کہا کہ الزامات کی سنگینی کا ادراک ہے اور گرفتاری کے وقت ہی لی فرائر کو برطانوی ٹیم کے پروگرام اور تنظیم کی تمام سرگرمیوں سے الگ کردیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق بیرونی تحقیقات اور عدالتی کارروائی جاری ہونے کے باعث فی الحال مزید تفصیلات پر بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ لی فرائر نے عدالت میں تمام الزامات مسترد کیے ہیں اور ان کے خلاف مقدمے کا فیصلہ ٹرائل کے بعد ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل