Loading
برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس میں سڑک پر حملے میں شدید زخمی ہونے والے 62 سالہ حاجی اصغر علی اسپتال میں چار روز تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسے۔
برطانوی میڈیا اور ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق واقعہ گِبٹ اسٹریٹ پر پیش آیا تھا جہاں حاجی اصغر علی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت تشویش ناک تھی اور اب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے 35 سالہ شخص کو اس حملے کے الزام میں گرفتار کرکے فردِ جرم عائد کردی۔ اس پر اقدامِ قتل کے بجائے ارادے کے ساتھ شدید زخمی کرنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ملزم کو پولیس اہلکار پر نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملے، املاک کو نقصان پہنچانے کی دھمکی، توڑ پھوڑ، نسلی یا مذہبی بنیاد پر ہراساں کرنے اور منشیات رکھنے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حاجی اصغر علی کی موت کے بعد واقعے کے حالات کی تحقیقات قتل اور سنگین جرائم سے متعلق خصوصی ٹیم کے سپرد کردی گئی ہیں۔
ملزم کو حراست میں رکھا گیا ہے اور اسے 17 دسمبر کو بریڈفورڈ کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں متاثرہ شخص کی موت کا معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال پولیس نے حملے کے محرکات کے بارے میں حتمی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل