Loading
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ سائبر سکیورٹی کے چیلنجز دن بدن بڑھ رہے ہیں، اب ہماری زندگی کا ہر پہلو سائبر سکیورٹی سے جڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی اور نیشنل سائبر سکیورٹی سینٹر پر حکومت نے اربوں روپے لگائے اور پالیسی دی۔ آج سائبر سکیورٹی آپریشن سینٹر کا ائیر یونیورسٹی میں افتتاح ہوا ہے، امید ہے ایچ ای سی باقی یونیورسٹیوں میں بھی ایسا کرے گی۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن ایکٹ پاس کیا اور اتھارٹی بنائی، اب ڈیجیٹل گورننس پر کام کررہے ہیں جس کی قیادت وزیراعظم شہباز کررہے ہیں۔ چند ماہ میں 3.7 بلین کی حکومتی پیمنٹ میں 92 فیصد ڈیجیٹل تھیں، جبکہ ڈیٹا کی نیشنل رجسٹری کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوسٹ کوانٹم کرپٹوگرافی پر کام شروع کرنے کی اہم ضرورت ہے، حکومتی اقدامات کے ثمرات سب دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ویژن کے تحت ہم ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں، اب حکومت ای آفس پر چل رہی ہے اور تمام حکومت ڈیجیٹل ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ دنیا میں سائبر سیکیورٹی چیلنجوں نے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کیا ہے۔ ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ محرمانہ عناصر بھی جدید ہورہے ہیں، جبکہ معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے بھی جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ٹاپ کے ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ معرکہ حق میں سائبر سیکیورٹی کے محاذ پر کامیابی نے ہمیں بہت اعتماد بخشا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ایک تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک کا تمام اداروں میں اطلاق کریں گے۔ سائبر حملوں اور سائبر فراڈ سے بہت لوگ متاثر ہوتے ہیں، اے آئی کے ساتھ وائس اور ویڈیو کلوننگ ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اے آئی کی مدد سے ہونے والے سائبر حملوں کے مقابلے کی حکمت عملی اپنانی ہے۔ ہمیں سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل