Loading
ہمارے ملک خداداد میں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس یا آسان لفظوں میں نئے سیٹ اپ کی جو تجویز اور بحث شروع میں انڈر دی ٹیبل شروع ہوئی تھی وہ آہستہ آہستہ مگر مستقل مزاجی سے اپنے پر پاؤں پھیلاتے ہوئے اب آن دی ٹیبل لانچ ہوچکی ہے اور اب اس حوالے سے تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر گفتگو اور بحث و مباحثہ جاری و ساری ہے.
گویا اب اس تجویز کی ہنڈیا بیچ چوراہے کی پھوٹ چکی ہے اور اب سب کہ یقین ہو چلا ہے کہ نئے سیٹ اپ والی بات کوئی افسانہ نہیں بلکہ حقیقت کا نام ہے۔
اب جب کہ ساری سیاسی جماعتوں پر یہ بات آشکار ہوچکی ہے کہ نیا سیٹ اپ نوشتہ دیوار ہے تو اب سب نے اپنے پر پھیلانا شروع کردیے ہیں اور اپنے مفادات کے تحفظ کو مد نظر رکھ کر اس پر بیانات داغنے شروع کردیے ہیں ۔ ایک طرف حکومتی جماعت کے وزراء اور مشیر اس نئے سیٹ اپ کے حق میں ہیں اور ان کے ساتھ کچھ اور پارٹیاں بھی شامل ہیں جن کو نئے صوبوں اور نئے سیٹ اپ کے قیام میں اپنا اور اپنی پارٹی کے وجود کا مفاد نظر آتا ہے وہ بھی اس سیٹ اپ کے حق میں دل و جاں سے بازی لگانے کو تیار ہیں۔
اور نئے سیٹ اپ کی حامی جماعتوں اور ان کے قائدین کے لیے نیا سیٹ اپ یعنی نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ہی اس ملک کی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے اوور ان کے نزدیک اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جو بھی طریقہ بشمول ریفرنڈم یا کوئی اور حربہ جو ضروری ہو استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جب کہ اس کے خلاف ردعمل دینے والوں کا خیال ہے کہ اس طرح صوبے تقسیم نہیں کئے جاسکتے اور اس حوالے سے ریفرنڈم کرانا کسی بھی طریقے سے درست عمل نہیں ہے اور اس میں خون خرابے کا خدشہ بھی ہے کیوں کہ جب صوبوں کی اسمبلیاں موجود ہیں جو صوبے کی تقسیم کے خلاف ہیں اور قرارداد پا س کرچکی ہیں تو اس صورت میں ان کو بائی پاس کر کے ریفرنڈم کے ذریعے صوبوں کی تقسیم بالکل بھی درست نہیں ہے۔ اور نہ ہی بقول ان کے عوام اس کو قبول کرے گی۔
اب اس حوالے سے تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ ملک میں نئے سیٹ اپ کے حوالے سے دو انتہائیں معرض وجود میں کھل کر سامنے آ چکی ہیں ایک انتہا کے نزدیک نیا سیٹ اپ ہی ملک و عوام کےمسائل کا واحد حل ہے جس کے لیے وہ کسی بھی تجویز اور طریقہ بشمول ریفرنڈم کے حق میں ہے دوسری طرف دوسری انتہا ہے جو اس نئے سیٹ اپ کے قیام کے لیے متعلقہ صوبہ کی اسمبلی کی قرارداد اور رائے کو حرف آخر سمجھتا ہے اس کے علاوہ وہ نہ صرف کسی دوسرے حل کی حمایت نہیں کرتی بلکہ اس سے ہٹ کر کسی طریقہ کو اپنانے کی صورت میں آئین کی صریح خلاف ورزی گردانتے ہیں، جسے بقول ان کے صوبے کی عوام ہر گز قبول نہ کرے گی اور بہت ذیادہ خون خرابے کی صورت حال پیدا ہونے کی نوید بھی سنا رہی ہے۔
ابھی تک ہم نے نئے سیٹ اپ کے حوالے سے اس کے حامی اور مخالفین یعنی دونوں انہتائیں بیان کی ہیں لیکن اس حوالے سے ایک تیسرا نقطہ نظر بھی ہے جو ان دونوں سے ہٹ کر ہے اور بحیثیت تاریخ اور سیاسیات کے طالب علم اور ایک محب الوطن پاکستانی شہری کے میری رائے بھی اسی تیسرے نقطہ نظر والے کے ساتھ ہے۔ وہ تیسری رائے یا نقطہ نظر کوئی تیسری انتہا نہیں ہے نہ اسے آئین سے کچھ لینا دینا ہے اور نہ ہی قانون سے بلکہ اس کی رائے اس تاریخی حقیقت کی بنیاد پر ہے، جس کا مشاہدہ یہاں اگست 1947 سے نومبر 2026 تک کیا جا چکا ہے۔ اور جب جب کچھ نیا ہوا ہے پرانی ڈگر سے نئی ڈگر پر چلنے کا فیصلہ ہوا ہے اس میں نہ آئین نے کسی کے ہاتھ روکے، نہ ملک کا قانون کہیں آڑے آیا اور نہ ہی اس ملک کی عوام کا ہجوم کسی کے سامنے بند باندھ سکا۔
لہٰذا اب بھی جب یہ فیصلہ ہوچکا ہے تو اس کا انجام بھی انہیں پرانے فیصلوں اور تبدیلیوں سے مختلف نہیں ہوگا اور خدا کو یہ منظور نہ ہوا تو کوئی اچنبھا ہوجائے تو کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ لیکن بظاہر یہ لگتا ہے کہ کوئی کتنا ہی شور کر لے، دھمکیاں دے لے اور خود کو عوام کا سب سے بڑا ہمدرد اور خیر خواہ بنا کر ایک بیانیہ بنا لے، پھر بھی وقت ان کی مٹھی سے ریت کی طرح نکل جائے گا اور وہ بالآخر نئے سیٹ اپ میں اپنے آپ کو سیٹ یا ایڈجسٹ کرنے کی تگ و دو میں بھاگتے نظر آئیں گے۔
اب آپ سوچیں کہ سارے بحث و مباحثہ میں عوام کہاں ہے ؟ وہ عوام جو دراصل سب سے اہم ہے اور جس کے دکھ درد میں تڑپتی جماعتیں اور ان کے قائدین اور مقتدرہ قوتیں جو اپنی اپنی انتہاؤں پر پاؤں جمائے کھڑی ہیں، ان میں سے عوام کے ساتھ کسی ایک کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ اگر یہ سب عوام کے واقعی خیر خواہ ہوتے تو عوام کو موجودہ سیٹ اپ میں بھی کچھ سکھ پہنچا سکتے تھے۔ ان کے دیرینہ مسائل کی حل کی طرف نمایاں پیش رفت کرسکتے تھے۔
اگر اپنے اختلافات کے باوجود سارے عوام کے حقوق پر متفق ہو جاتے اور عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کا تہیہ کرکے کام کرتے تو ان کو کون روک سکتا تھا؟ کوئی بھی نہیں۔ مگر ہوتا یہ ہے کہ جب بھی کوئی حکومت جیسے بھی بنتی ہے ایک تو وہ اپنے پاؤں جمانے کی تگ و دو میں لگ جاتی ہے اور اپوزیشن عوام کے درد میں حکومت کی ٹانگیں کھینچنا شروع ہو جاتی ہے۔ اور بجائے اس کے کہ حکومت اور اپوزیشن عوام کے مفاد کا تحفظ کرے الٹا عوام کو ان کا تحفظ کرنا پڑجاتا ہے اور جلسے جلو س، ہڑتالیں، ہنگامہ آرائی وغیرہ کے ذریعے ہم عوام حکومت کو کوئی کام بھی نہیں کرنے دیتے۔
ایک حکومت گرتی ہے تو دوسری آجاتی ہے وہ جاتی ہے تو تیسری آ جاتی ہے اس طرح کرسی کا کھیل ان ہی گنی چنی جماعتوں کے درمیان چلتا رہتا ہے اور عوام مہنگائی اور دیگر مسائل کی چکی میں ہمیشہ کی طرح پستے رہتے ہیں، اور یہ چکر قیام پاکستان سے آج تک جاری و ساری ہے اور فی الحال مستقبل قریب میں بھی اس میں کسی انہونی کی امید بھی رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
اب ہم الجبرا کے سوال کی طرح یہ فرض کرلیتے ہیں کہ ریفرنڈم ہوگیا یا کسی بھی اور طریقہ سے عوام کی رائے معلوم کرلی گئی، جس کے نتیجے میں نئے سیٹ اپ کے بیانیے کو نوے فیصد سے زائد حمایت مل گئی (حالانکہ پہلے ہونے والے ریفرنڈمز میں اس سے زیادہ فیصد لوگوں نے حق میں ووٹ دیئے) اور ملک میں آخرکار کسی نہ کسی طریقے سے صوبوں کی تعداد چار یا پانچ سے بڑ ھ کر دس یا بارہ ہو جاتی ہے تو اس میں عوام کے لیے خوشی اور مسائل حل ہونے کی کون سی نوید ابھرتی ہے؟
سوائے ا س کے کہ پہلے اس کے ملک میں چار گورنرز، چار وزرائے اعلیٰ تھے جن کے نیچے موج ظفر موج وزراء، مشیر اور اراکین اسمبلی تھے جن کو پالنے اور ان کے مفادات کا تحفظ کرنے کا بوجھ مسائل میں گھری قوم کے ناتواں کندھوں پر تھا، اب نئے سیٹ اپ سے یہ اسمبلیاں، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وزیر، مشیر اور ممبران کی تعداد کہاں تک جائے گی اور عوام کتنا بوجھ برداشت کرپائیں گے، یا اس کی کمر ذرا سے اضافے سے ہی ٹوٹ جائے گی؟
ہم عوام کو نہ چار صوبوں والے پاکستان پر کوئی اعتراض ہے اور نہ ہم بارہ صوبوں کے خلاف ہیں، ہمارا تو معصومانہ سا سوال یہ ہے کہ ملک میں جو نئے صوبے بنیں گے، ان کو کون چلائے گا؟ کیا عام آدمی جسے عام آدمی کے مسائل کا ادراک ہے وہ ان اسمبلیوں کے آس پاس بھی کہیں نظر آسکتا ہے؟ اور وہ سوائے ان پرانے اور نئے بننے والے حکمرانوں کو جھک کر ملنے، ان کے لیے جلسے جلوسوں کا انتظام کرنے اور ان کے حق میں آوے گا بھئی آوے گا جیسے نعرے لگانے کے علاوہ کیا کسی اور روزگار پر کہیں نظر آسکتا ہے؟ ہر گز نہیں۔
اور نئے سیٹ اپ میں یہی حکمران اور ان کی آل اولاد یا رشتہ دار ہی سب کچھ ہوں گے اور وہ ملک چلانے، عوام کے مسائل کے حل کے نسخے کہاں سے ایجاد کریں گے؟ یقیناً وہ جن کے زیر تربیت رہے اور جو کچھ وہ شروع سے دیکھ رہے ہیں وہ ان کی ٹریننگ اور تجربہ ہوگا، جو وہ نئے صوبوں میں استعمال کریں گے اور وہ سارے تجربے اور نسخے تو پہلے ہی فیل ہو چکے ہیں وہ عوام کو کیسے اور کب سکھ دیں سکیں گے؟
ہم عوام اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین سے دست بدستہ عرض کرتے ہیں ہیں بے شک نئے نظام بنائیں، نئے صوبے اور یونٹس بنائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ مگر ہمارا سوال وہیں کھڑا ہے کہ نئے نظام، نئے صوبوں اور نئے یونٹس کے قیام ہمارے مسائل کے حل کی کون سی گارنٹی دیتے ہیں۔ اس لیے یہ ساری پریکٹس صرف اسی صورت میں فائدہ مند ہوگی جب اس کے نتائج عام آدمی تک پہنچیں۔ دوسری صورت میں بعد میں آنے والے کچھ عرصہ میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ سسٹم بھی بیٹھ گیا ہے اور نئے سیٹ اپ کی ضرورت ہے اور پھر اکھاڑ پچھاڑ کی نئی ریہرسل کرنی پڑے گی۔ اور ہم نہ جانے کتنے برسوں بعد بھی خود کو وہیں کھڑا پائیں گے جہاں سے چلے تھے۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو اور ہمارے ملک اور عوام کے حق میں بہتر فرمائے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل