Tuesday, November 24, 2026
 

لاہور: بغیر لائسنس شیر کے 3 بچے رکھنے والا ملزم گرفتار

 



لاہور کے جین مندر چوک میں حادثے کے دوران شیر کے تین بچے سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے مالک ہونے کے دعویدار رضا ہمایوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس کی موجودگی میں وائلڈ لائف انسپکٹر نے ملزم سے شیر کے بچوں کا لائسنس طلب کیا تاہم وہ کوئی لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا۔ وائلڈ لائف انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ مزنگ میں ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ 1974 کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 1591/26 درج کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے شیر کے بچوں میں دو نر اور ایک مادہ شامل ہیں، تینوں بچوں کو علاج معالجے کے لیے سفاری پارک منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانون سے بالاتر ہو کر جنگلی جانور رکھنے کی اجازت نہیں، قانون کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل