Loading
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی بات ٹھیک ہے ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں بہت بھیانک رہی ہے، سندھ کا فیصلہ ہم نہیں کرسکتے، وہاں کے عوام اس کا فیصلہ کریں گے۔
یہ بات انہوں ںے اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (کورٹ رپورٹرز) سے ملاقات میں کہی، ملاقات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر راج کے حق میں نہیں لیکن حالات کے باعث یہ وقت کی ضرورت بن چکا تھا، پی ٹی آئی کی 80 فیصد غلطیوں کی وجہ سے یہ ایمرجنسی نافذ ہوئی، معاملہ اب بحث کے لیے پارلیمان میں لے جایا جارہا ہے اچھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی بات ٹھیک ہے ریفرنڈم کی تاریخ پاکستان میں بہت بھیانک رہی ہے، سندھ کا فیصلہ ہم نہیں کرسکتے، وہاں کے عوام اس کا فیصلہ کریں گے، سندھ والے تو ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں، مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، جو بھی ہو اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے اللہ کا قانون ہے، گورنر کے پی کو جب پارٹی کہے گی وہ عہدہ چھوڑ دیں اور ڈی آئی خان چلے جائیں گے، ایک صوبے کے وزیراعلی کا جیل میں ہونا جمہوری نظام کے خلاف ضرور ہے لیکن عمران خان نے بھی اپنے دور میں یہی سب کیا، امریکا جا کر عمران خان نے کہا کہ میں تو اے سی ہٹا دوں گا جیل میں دی گئیں سہولیات واپس لے کر انہیں رلاؤں گا، جو اپنا راستہ نہ بنانا چاہتا ہو اس کے لیے کوئی کیا کرے؟
انہوں نے کہا کہ ایک خاص بیانیے کے تحت پنجاب سے پیپلز پارٹی کو سائیڈ لائن کیا گیا، صوبہ سندھ میں صحت کا نظام پنجاب سے بہتر ہے، وہاں دل جگر اور گردے کے ٹرانسپلانٹ دس روپے کی پرچی پر ہوجاتا ہے، سندھ میں ایمرجنسی سروسز بہتری ہے جہاں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں آپ کو صوبے کے کسی بھی کونے سے مرکزی اسپتال پہنچایا جاتا ہے،
سندھ کے سرکاری اسکول کو بہترین اسکول ہونے کا اعزاز حاصل ہوا، ایک بیانیہ ہے کہ سندھ لٹ گیا کھنڈر ہوگیا برباد ہوگیا، صحافیوں کے ذریعے بیانیے بنائے گئے کہ سندھ میں کچھ نہیں، سندھ گیا تو پتا چلا کہ یہاں کی سڑکیں تعلیمی نظام اور صحت کا نظام کتنا اچھا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل