Tuesday, November 24, 2026
 

طلال چوہدری نے کالعدم تحریک کے رکن اور کارندوں کی 2 مبینہ آڈیو کالز میڈیا کے سامنے پیش کردیں

 



وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کالعدم تحریک کی کور کمیٹی کے رکن امتیاز اسلم اور فیلڈ میں موجود کارندوں کے درمیان ہونے والی دو مبینہ آڈیو کالز میڈیا کے سامنے پیش کر دیں، جن میں اسلحے، گولیوں کی ترسیل اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی صورتحال پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں چلائی گئی پہلی آڈیو کال میں امتیاز اسلم اور ایک دوسرے شخص (واجد)کے درمیان گفتگو سنی جا سکتی ہے۔ گفتگو میں کہا جا رہا ہے کہ لڑکے محاذ پر بیٹھے ہیں اور انتظار کر رہے ہیں لیکن ان کے پاس سامان (اسلحہ) کم پڑ گیا ہے۔ کال میں ایک شخص بتاتا ہے کہ اسلحہ اور گولیاں بھجوائی جا رہی ہیں جبکہ پیمنٹ بھی کر دی گئی ہے۔ گفتگو میں مزید کہا گیا کہ اسلحہ کی فراہمی کے لیے کل ہی آرڈر دے دیا گیا تھا اور تقریباً ساڑھے تین سو کے قریب گولیاں یا سامان کی ترسیل کے حوالے سے رابطے جاری ہیں۔ دوسری آڈیو کال میں علاقے کی کشیدہ صورتحال اور فورسز کے ساتھ تصادم کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ کال میں ایک شخص بتاتا ہے کہ صورتحال کافی خراب ہے اور فورسز کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ گفتگو کے دوران فورسز پر فائرنگ اور گولیاں چلانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسلحہ اور گولیاں پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ فورسز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے ان آڈیو کالز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حقوق کی تحریک کے نام پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اسلحہ اکٹھا کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی اداروں پر حملے کروائے جا رہے ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل