Wednesday, November 25, 2026
 

پاکستان کا خلائی خواب چند لمحوں کی دوری پر، چین کے جی چوان خلائی اسٹیشن پر تیاریاں مکمل

 



پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی سفر کے لیے شینزو 24 مشن کی شٹل میں سوار ہوگئے ان کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔ تینوں خلا باز تقریباً پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں وہ ایک ہفتے تک قیام کرکے مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ چین کے خلائی مرکز جیوچوان میں مشن کی روانگی کے سلسلے میں خصوصی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے خلائی جہاز کی پرواز کا مرحلہ شروع ہوگا۔ مشن پر روانگی سے قبل پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی الوداعی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شریک ہیں۔ تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے ہزاروں چینی شہری بھی خلائی مرکز کے اطراف جمع ہوگئے ہیں۔ محمد ذیشان علی اس مشن کے ذریعے خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں، جبکہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور سائنسی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ خلائی سفر پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں ذیشان علی نے کہا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، یہ مشن پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی شروع ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے۔ یہ الفاظ ان کے لیے حوصلے اور قومی ذمہ داری کا احساس بڑھانے کا باعث بنے۔ محمد ذیشان علی کا یہ خلائی سفر نہ صرف پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے بلکہ دونوں ممالک کے سائنسی تعاون کے نئے امکانات بھی روشن کر رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل