Loading
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلا باز مشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، یہ تاریخی پیش رفت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
صدر مملکت نے خلائی مشن کی تیاری اور کامیابی کے لیے سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مشن پر روانہ ہونے والے خلا بازوں کے لیے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلائی سفر میں چین کا تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا، جبکہ اس دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ خلائی تحقیق کے ذریعے زمین کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد اور بلند عزم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل