Wednesday, November 25, 2026
 

یونان: تاریخی میوزیم سات سالہ تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا

 



یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں واقع تاریخی ایکروپولس میوزیم کو جدید ٹیکنالوجی اور سات سالہ تزئین و آرائش کے بعد رواں ہفتے دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ یہ میوزیم 1874 میں قائم کیا گیا تھا اور اسے جدید یونان کا قدیم ترین میوزیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ایکروپولس کی پہاڑی پر واقع پتھر کی یہ عمارت بظاہر سادہ ہونے کے باعث اکثر سیاحوں کی نظروں سے اوجھل رہتی تھی۔ میوزیم 2007 میں عوام کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد اسے انتظامی عمارت کے طور پر استعمال کیا جانے لگا۔ اس کی بندش کے تین سال بعد یونان کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یونان کی وزیر ثقافت لینا مینڈونی کے مطابق میوزیم کی سات سالہ بحالی پر 62 لاکھ یورو خرچ ہوئے جن کے لیے سرکاری فنڈز اور نجی عطیات سے رقم جمع کی گئی۔ بحال کیے گئے میوزیم میں قدیم نوادرات کی نمائش کی جائے گی جنہیں اس سے پہلے کبھی عوام کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل اسکرینز کے ذریعے تاریخی یادگاروں کی ڈھائی ہزار سالہ تاریخ دکھائی جائے گی۔ میوزیم میں ایک خصوصی گیلری بھی قائم کی گئی ہے جہاں وزارت ثقافت کے ماہرین قدیم نوادرات کی مرمت اور بحالی کا کام کرتے ہوئے دیکھے جا سکیں گے۔ واضح رہے کہ 1874 میں قائم ہونے والا یہ یونان کا پہلا میوزیم تھا جسے جدید یونان کی آزادی کے کئی دہائیوں بعد خصوصی طور پر میوزیم کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ 2007 میں اس کی بندش کے وقت تاریخی مجسموں اور دیگر قیمتی نوادرات کو خصوصی کرینوں کی مدد سے احتیاط کے ساتھ پہاڑی سے نیچے واقع نئے ایکروپولس میوزیم منتقل کردیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل