Loading
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور پر مختلف مقامات سے ٹریفک کی آمدورفت بند کردی گئی، موٹروے پولیس نے فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک تمام اقسام کی گاڑیوں جبکہ عبدالحکیم سے فیصل آباد تک بھاری ٹریفک کا داخلہ روک دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق ایم فور کے فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک دونوں اطراف تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بندش نافذ ہے جبکہ عبدالحکیم سے فیصل آباد تک موٹروے بھاری گاڑیوں کے لیے بند کی گئی ہے۔ موٹروے ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ شہری اپنی گاڑیوں کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز بھی درست حالت میں رکھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل