Thursday, November 26, 2026
 

وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی ادویات کی پہچان کیلئے ’محفوظ دوا‘ ایپ کا اجرا کردیا

 



وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام اور عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا، جس کے ذریعے شہری اپنے موبائل فون سے ادویات کے پیکٹ پر موجود منفرد بار کوڈ اسکین کر کے چند سیکنڈ میں 92 ہزار ادویات کی اصلیت، سرکاری قیمت، دستیابی اور استعمال کی تاریخ میعاد سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محفوظ دوا ایپ کا اجرا کیا اور تقریب میں خود محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ اسکین کر کے اس کی اصلیت کی تصدیق کی۔ محفوظ دوا ایپ کے طریقہ کار کے مطابق بار کوڈ اسکین کرنے پر اگر موبائل اسکرین سبز ہو جائے تو دوا معیاری اور اصل ہوگی جبکہ اسکرین سرخ ہونے کی صورت میں متعلقہ دوا جعلی اور غیر معیاری تصور ہوگی، شہری اس ایپ کے ذریعے جعلی، غیر معیاری، زائد قیمت پر فروخت ہونے والی یا مشکوک ادویات کے خلاف شکایات بھی درج کرا سکیں گے۔ اس منصوبے کے تحت ڈریپ کا جدید ڈیجیٹل ٹریک اینڈ ٹریس نظام بھی فعال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے دوا کی تیاری سے لے کر مارکیٹ میں ترسیل تک مکمل نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے محفوظ دوا ایپ بنانے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سی ای او ڈریپ کو مبارک باد دی اور ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے تعاون سے اس ایپ کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے مؤثر آگاہی مہم شروع کی جائے۔ وزیراعظم نے 11-2010 میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں ادویات کے استعمال سے ہونے والی 100 اموات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے تھے، جہاں سے تصدیق ہوئی کہ وہ ادویات دل کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی، تاہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہئیں اور قائداعظم کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مساوی سہولتوں کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق، صوبوں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے باہمی تعاون سے عام آدمی کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی آسان بنائی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والی تمام وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مریضوں کے تحفظ اور صحت کے نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل