Sunday, November 29, 2026
 

نئے صوبوں کے قیام پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کی پُراسرار خاموشی

 



ملک میں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق حکومت اور حکمراں جماعتوں کے درمیان مشاورت کے حوالے سے پراسرار خاموشی دکھائی دیتی ہے۔ نجی ٹی وی کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق  نئے صوبوں کے قیام اور اس کے لیے ریفرنڈم کرانے سے متعلق وفاقی وزرا کے حالیہ بیانات کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وفاقی حکومت (اتحادی جماعتوں) نے ان معاملات پر تاحال کوئی باضابطہ مشاورت نہیں کی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت حکومتی شخصیات کی جانب سے اس موضوع پر بارہا اظہار خیال کیا گیا ہے، تاہم پارٹی یا حکومتی سطح پر کسی پالیسی کی تشکیل کا عمل سامنے نہیں آیا۔ باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے درمیان ان تجاویز پر غیر رسمی گفتگو کا امکان موجود ہے، لیکن نئے صوبوں کی تشکیل یا عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) یا حکومت نے اب تک کوئی باضابطہ اجلاس منعقد نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کسی منظم مشاورت یا فیصلہ سازی کی اطلاع ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر رہنما نے بھی رابطہ کیے جانے پر تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے اندر ان دونوں معاملات پر باضابطہ طور پر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ حکومتی سطح پر بھی ایسی کسی مشاورت کا انعقاد نہیں کیا گیا جسے مستقبل کی سرکاری پالیسی یا حتمی فیصلے کی بنیاد قرار دیا جاسکے۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرا کے بیانات میں اس موضوع پر بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فی الحال پراسرار خاموشی اور محتاط طرز عمل برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق بحث میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی جانب سے شدت کے ساتھ بیانات  سمیت متعدد وفاقی وزرا و دیگر سیاسی شخصیات کے بیانات بھی سامنے آچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض بااثر حلقے اس معاملے کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں اور حکومتی وزرا کے حالیہ بیانات کو بھی اسی دباؤ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے، تاہم اب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے کسی مخصوص حکمت عملی کی منظوری یا مجوزہ اقدامات کے آئینی اور سیاسی نتائج پر اتفاق رائے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت اس معاملے پر محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ کسی واضح سرکاری یا سیاسی مؤقف کے اعلان سے گریز کررہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پارٹی اور حکومت کے اندر باضابطہ مشاورت نہ ہونے سے یہ سوال بھی برقرار ہے کہ آیا وزرا کے بیانات کسی ممکنہ حکومتی پالیسی کی ابتدا ہیں یا پھر نئے صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق ایسی بحث کا حصہ ہیں جسے بعض بااثر حلقے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ غور نہ کیے جانے تک حکومت کا حتمی مؤقف غیر واضح رہے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل