Sunday, November 29, 2026
 

رینجرز کی نیو کراچی میں کارروائی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث صورتی گروہ کے 4ملزمان گرفتار

 



پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ’’صورتی گروہ‘‘ سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پاکستان رینجرز (سندھ) کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین عرف صورتی، ابو بکر، ابوہریرہ اور سکندر عرف دوجانہ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد پستول (بغیر لائسنس) بمعہ ایمونیشن، 1 عدد موٹر سائیکل، 6 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان نیو کراچی اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان چھینے گئے موٹر سائیکلوں کے پرزہ جات کھول کر فروخت کر دیتے تھے۔ گرفتار ملزم ابوہریرہ عادی مجرم ہے اور پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل