Sunday, November 29, 2026
 

مکہ معاہدہ اجلاس

 



ماہرین معاشیات اور سیاسی مبصرین کی یہ متفقہ رائے ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان ان دنوں سیاسی و معاشی ہر دو حوالوں سے عدم توازن کا شکار ہے، اگرچہ حکومتی سطح پر تواتر کے ساتھ معاشی استحکام کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں اور سیاسی معاملات پر بھی حکومت اپوزیشن اور اقتدار کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان روابط کو تسلی بخش قرار دیا جاتا رہا ہے، لیکن گزشتہ چند ہفتوں سے سیاسی پارہ بلند ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے ۔ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس بنانے کے حوالے سے سندھ کی عدم تقسیم پر پیپلز پارٹی کے دو ٹوک موقف نے ملک کی سیاسی صورتحال میں ایک ارتعاش پیدا کر دیا ہے۔ ایک طرف تو پاکستان عالمی سطح پر سفارتی کامیابی حاصل کر رہا ہے پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ میں امریکا، اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے حوالے سے ستائش کی جا رہی ہے۔ بعینہ مکہ دفاعی معاہدے کے ضمن میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اتحاد کو خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان خطے کا اہم ملک بن کر ابھرا ہے اور پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کی دانش مندی اور فیصلوں کی امریکا، چین، روس، برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی پذیرائی کر رہے ہیں۔ دو روز پیشتر مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹرٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (SPDC) کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے جس میں تینوں ممالک کی خارجہ، دفاع، انٹیلی جنس اور عسکری قیادت نے شرکت کی اور خطے کی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض اور باہمی مشاورت سے اہم فیصلے کیے گئے۔ مذکورہ اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور مکہ معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے تحت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرنے پر کلی اتفاق کیا گیا۔ مذکورہ دفاعی کمیٹی کے پہلے دو اجلاس ایک سعودی عرب اور دوسرا ترکیہ میں منعقد ہو چکا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے تیسرے اجلاس میں گزشتہ دو اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ان کی توثیق کی گئی۔ ساتھ ہی خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پرامن حل اور مذاکرات و سفارت کاری کے فروغ کے لیے کام کرنے پر زور دیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح وفود نے ملاقاتیں کیں جس میں وزیر اعظم نے سعودی عرب کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ادھر ترک صدر طیب اردوان نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ ترک پارلیمنٹ پہلے ہی معاہدے کی توثیق کر چکی ہے۔ دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے مقابل کھڑے سیاسی کشیدگی کم کرنے پر توجہ نہیں دے رہیں جیسی دینی چاہی۔ حکومت یہ حقیقت سمجھنے سے قاصر نظر آتی ہے کہ سیاست میں اقتدار پر براجمان جماعت کو بڑا دل کرتے ہوئے مخالف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مخاصمت نہیں بلکہ مکالمے کے ذریعے افہام و تفہیم سے معاملات طے کرنے اور غلط فہمیاں دور کرنا چاہئیں۔ حکومت کے سخت گیر اقدامات سے اس کی اخلاقی و سیاسی پوزیشن کمزور اور مخالف جماعت کی مقبولیت و عوامی ہم دردی میں اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ یہی برتاؤ کرکے دیکھ چکی ہے کہ آج بھی پی ٹی آئی والے باربار یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ عوامی سطح پر پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف اونچا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی حکومت کو نرم رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے حوالے سے بھی حکومت اور پیپلز پارٹی، جو (ن) لیگ کی سب سے بڑی اتحادی جماعت ہے کے درمیان معاملات میں افہام و تفہیم کا فقدان نظر آ رہا ہے۔ بلاول بھٹو کا واضح موقف ہے کہ وہ سندھ کی تقسیم کے حامی نہیں کیونکہ سندھ اسمبلی کئی مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے۔ البتہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حامی ہیں جیساکہ پنجاب اسمبلی اس کے حق میں قرارداد منظور کر چکی ہے، انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں تاہم وہ پنجاب کو چار ٹکڑوں میں تقسیم کے سخت مخالف ہیں۔ ریفرنڈم کے حوالے سے بلاول کا کہنا ہے کہ اگر صوبوں پر ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو 27,26 ویں ترامیم اور عمران خان کی قید پر بھی عوامی رائے لی جانی چاہیے۔ نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی کے واضح موقف کے مقابلے میں حکمران جماعت (ن) لیگ کا پالیسی بیان تادم تحریر سامنے نہیں آیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ کہتے ہیں کہ صوبوں کا معاملہ جب تک پارلیمنٹ میں نہیں آتا (ن) لیگ کو رائے قائم کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔ گویا فی الحال حجت تمام کر دی گئی۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ایسا رویہ اختیار کرنا چاہیے جس سے ملک میں سیاسی بے یقینی میں اضافہ نہ ہو۔ملک میں ہر صورت امن و امان کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے،اور کسی ایسے اقدام سے گریز کیا جانا چاہیے جس سے ملک کاامن و امان متاثر ہو۔اپوزیشن جماعتیں سیاست ضرور کریں مگر کسی ایسے اقدام سے گریزکریں جس سے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا ہو۔ ملک کی ترقی و خوشحالی ہر صورت مدنظر رہنی چاہیے۔ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہمیشہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والی سیاسی کشیدگی رہی ہے۔حکومت جب بھی استحکام حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے ،اپوزیشن جماعتیں کسی نہ کسی مسئلے کو ایشو بنا کر حکومت کے خلاف تحریک چلانے اور احتجاج کی دھمکیاں دینے کی کوششیں شروع کر دیتی ہیں۔اور ایساماحول بنا دیتی ہیں جس سے ملک میں امن وامان متاثر ہوتا اور انتشار پھیلنا شروع ہو جاتا ہے جس سے سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ملک میں امن و امان کو ہر صورت ترجیح دی جانی چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل