Sunday, November 29, 2026
 

بے خبر عوام

 



پاکستان میں جب بھی قومی مسائل اور ریاستی نظام کی کمزوریوں پر گفتگو ہوتی ہے تو ہماری توجہ عموماً مہنگائی، بے روزگاری، غربت، بدعنوانی اور سیاسی عدم استحکام جیسے موضوعات تک محدود رہتی ہے، لیکن ان مسائل کی تہہ میں ایک بنیادی بحران بھی موجود ہے جس پر کم بات ہوتی ہے۔ عام پاکستانی شہری کی اپنے آئینی، قانونی اور بنیادی انسانی حقوق سے لاعلمی۔ لوگوں کو اپنی مشکلات اور ناانصافی کا احساس تو ہوتا ہے، مگر اکثر انھیں معلوم نہیں ہوتا کہ قانون انھیں کیا تحفظ دیتا ہے، ان کا حق کیا ہے اور اس کے حصول کے لیے کہاں جانا چاہیے،یہی لاعلمی شہریوں کو زیادتی کو قسمت، نظام کی مجبوری یا طاقتور لوگوں کے اثرورسوخ کا نتیجہ سمجھ کر قبول کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ یوں احتساب کا عمل شروع ہونے سے پہلے ہی دم توڑ دیتا ہے اور ناانصافی رفتہ رفتہ معاشرتی معمول بن جاتی ہے۔ ہمارے ہاں عام شہری کو اپنے فرائض مسلسل یاد دلائے جاتے ہیں،اسے ٹیکس ادا کرنے، قانون کی پابندی کرنے اور ریاستی اداروں کا احترام کرنے کی تلقین کی جاتی ہے، لیکن اسے یہ شعور کم دیا جاتا ہے کہ ریاست اور اس کے ادارے بھی آئین و قانون کے تحت شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے پابند ہیں۔ جمہوری ریاست میں شہری محض حکومتی فیصلے خاموشی سے قبول کرنے والا فرد نہیں بلکہ حقوق رکھنے والا بااختیار شخص ہے، جو ناانصافی کے خلاف آواز اٹھا سکتا ہے اور قانونی داد رسی حاصل کر سکتا ہے۔ پاکستان کا آئین زندگی اور شخصی آزادی، قانون کے سامنے برابری، انسانی وقار، منصفانہ قانونی عمل، اظہارِ رائے اور معلومات تک رسائی سمیت متعدد بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کتنے پاکستانی ان حقوق سے واقف ہیں اور کتنے جانتے ہیں کہ خلاف ورزی کی صورت میں انھیں کیا کرنا چاہیے؟ روزمرہ زندگی میں کسی شہری کا جائز کام سرکاری دفتر میں بلاوجہ روک دیا جاتا ہے، اسے بار بار چکر لگوائے جاتے ہیں یا غیر ضروری دستاویزات طلب کی جاتی ہیں، لیکن وہ متعلقہ اعلیٰ افسر یا محتسب سے رجوع کرنے کا طریقہ نہیں جانتا۔ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج نہ ہو تو بہت سے لوگ سفارش تلاش کرتے ہیں، حالانکہ قابل دست اندازی پولیس جرم کی اطلاع پر ایف آئی آر درج نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران یا جسٹس آف پیس سے رجوع کرنے کے قانونی راستے موجود ہیں۔ اسی طرح سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی کمی، طبی غفلت یا مریضوں کے ساتھ نامناسب رویے پر شہری اکثر خاموش رہتے ہیں، کیونکہ انھیں شکایت کے فورم کا علم نہیں ہوتا۔ بجلی اور گیس کے غلط بلوں، ناقص اشیا، غیر معیاری خدمات، ناجائز وصولیوں اور معاہدوں کی خلاف ورزی جیسے معاملات میں بھی یہی صورت حال ہے، لوگ دفاتر کے چکر لگاتے اور بالآخر اپنا نقصان مجبوری سمجھ کر قبول کر لیتے ہیں، حالانکہ مختلف شعبوں میں شکایتی فورمز، محتسب اور ریگولیٹری ادارے موجود ہیں۔ یہ لاعلمی خواتین کے وراثتی حقوق، جائیداد کے تنازعات، گھریلو تشدد، ہراسانی اور ملازمت کی جگہ پر امتیازی سلوک جیسے معاملات میں مزید سنگین ہو جاتی ہے۔ بہت سی خواتین اپنے قانونی وراثتی حصے سے محروم رہتی ہیں، مگر انھیں معلوم نہیں ہوتا کہ قانون انھیں حق کے حصول کے لیے کیا تحفظ دیتا ہے۔ نوجوان اپنے تعلیمی اور ملازمت سے متعلق حقوق، ملازمین اپنی تنخواہوں اور واجبات کے تحفظ، جبکہ عام شہری جائیداد کی خریدوفروخت، کرایہ داری اور مالی معاہدوں کے تقاضوں سے ناواقف رہتے ہیں۔ شہری حقوق کی خلاف ورزی ہمارے شہروں کی سڑکوں پر بھی نمایاں ہے۔ کراچی کی یونیورسٹی روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر طویل ترقیاتی کام، کھدائی، کھلے مین ہولز، خطرناک گڑھے اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بنتے ہیں۔ کسی موٹر سائیکل سوار کو حادثہ پیش آئے، گاڑی کو نقصان پہنچے یا کوئی شخص زخمی ہو، تو واقعہ اکثر محض حادثہ سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ حالانکہ اگر کسی سرکاری ادارے، بلدیاتی محکمے یا ٹھیکیدار کی ثابت شدہ غفلت اور حفاظتی ذمے داریوں کی خلاف ورزی سے نقصان پہنچے تو متاثرہ شخص مناسب قانونی فورم سے ازالے یا معاوضے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ اس کے لیے غفلت، نقصان اور ان کے باہمی تعلق کو شواہد سے ثابت کرنا ضروری ہے، لیکن عام شہری کو اکثر یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ علاج، گاڑی کی مرمت، روزگار کے نقصان یا دیگر ثابت شدہ اخراجات کے ازالے کا مطالبہ ممکن ہے۔ آئین کا آرٹیکل 19-A شہریوں کو عوامی اہمیت کے معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے، جبکہ متعلقہ قوانین کے تحت سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرنے کا طریقہ بھی موجود ہے۔ اس کے باوجود بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ کسی سرکاری منصوبے پر خرچ ہونے والی رقم، ترقیاتی کام کی تفصیلات، تکمیل کی مدت یا عوامی ادارے کے فیصلوں سے متعلق معلومات طلب کر سکتے ہیں۔ حقوق سے آگاہی اس لیے صرف انفرادی مسائل کے حل کا ذریعہ نہیں بلکہ پورے ریاستی نظام کو جواب دہ بنانے کا وسیلہ بھی ہے۔ تاہم قانونی آگاہی کا مقصد ہر معمولی معاملے کو عدالت میں لے جانا یا مقدمہ بازی کو فروغ دینا نہیں، اصل مقصد یہ ہے کہ شہری جانیں کہ ان کے مسئلے کا مناسب قانونی اور انتظامی حل کیا ہے۔ بعض معاملات محکمے میں درخواست، اعلیٰ افسر سے رجوع یا محتسب کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں، جبکہ بعض میں عدالت سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے۔ شہری کو مسئلے کی نوعیت، متعلقہ فورم، طریقہ کار اور ضروری شواہد کا علم ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں وکلا برادری کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ قانون کی کتابوں اور عام شہری کے درمیان یہی طبقہ موثر پل بن سکتا ہے، اگر قانونی ماہرین پیچیدہ اصطلاحات کے بجائے آسان زبان میں حقوق، دستیاب فورمز، ضروری ثبوت اور قانونی طریقہ کار سمجھائیں تو عام آدمی قانون سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اسے تحفظ کا ذریعہ سمجھے گا۔ تعلیمی اداروں میں شہری حقوق اور بنیادی قانونی معلومات کو عملی زندگی سے جوڑنا چاہیے تاکہ طلبہ کو معلوم ہو کہ پولیس، سرکاری محکمے، اسپتال یا کاروباری ادارے کے خلاف شکایت کیسے کی جاتی ہے۔ ذرائع ابلاغ ناانصافی کے واقعات رپورٹ کرنے کے ساتھ ان کے قانونی حل سے بھی عوام کو آگاہ کر سکتے ہیں، جبکہ بار ایسوسی ایشنز، سول سوسائٹی اور سرکاری ادارے ضلعی سطح پر قانونی آگاہی اور مفت معاونت کے پروگرام موثر بنا سکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ صرف قوانین بنا دینا یا آئین میں حقوق درج کر دینا انصاف کی ضمانت نہیں۔ قانون اسی وقت موثر ہوتا ہے جب شہری اس سے واقف ہوں، ادارے اس پر عمل کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں جواب دہی کا نظام فعال ہو۔ شہریوں کو بھی اپنے فرائض ادا کرنے، قانون کی پابندی کرنے اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے کے ساتھ اپنے جائز حقوق کا شعور رکھنا چاہیے۔ پاکستان کو معاشی اصلاحات اور انتظامی تبدیلیوں کے ساتھ ایسی شہری بیداری کی بھی ضرورت ہے جس میں عام آدمی سمجھے کہ اس کے حقوق کسی حکمران، افسر یا ادارے کی مہربانی نہیں بلکہ آئین اور قانون کی ضمانت ہیں۔ یہی شعور تبدیلی کی بنیاد ہے۔ کسی ملک کی ترقی کا پیمانہ صرف سڑکیں، عمارتیں، ترقیاتی منصوبے یا معاشی اعدادوشمار نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ وہاں کا عام شہری کس حد تک باخبر، محفوظ اور بااختیار ہے۔ ہمیں قانون کی حکمرانی کا نعرہ لگانے کے ساتھ عوام کو قانون سے آگاہ بھی کرنا ہوگا، کیونکہ جس شہری کو اپنے حقوق کا علم ہی نہ ہو، وہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو پہچان کر اس کے خلاف موثر آواز کیسے اٹھا سکتا ہے؟

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل