Sunday, November 29, 2026
 

بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا دَورئہ پاکستان

 



پاکستان و بنگلہ دیش تعلقات اب مثبت رخ اختیار کر چکے ہیں ۔ حالات میں جوہری بدلاؤ اُس وقت آیا جب5 اگست2024ء کو بنگلہ دیشی طلبا و طالبات اور Gen Zنے اجتماعی طور پر ، ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر، جابر حسینہ واجد کی حکومت اور مقتدر ’’عوامی لیگ‘‘کے خلاف علمِ بغاوت بلند کر دیا ۔ ڈیڑھ ہزار سے زائد بنگلہ دیشی نوجوانوں نے اِس راہِ عزیمت میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے ؛ چنانچہ ساری دُنیا نے دیکھا کہ حسینہ واجد کی ظالم و قاہر اور بھارت نواز حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا ۔ حسینہ واجد عالمِ بے بسی میں مستعفی ہو کر اپنے محسن ملک، بھارت ، فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھیں ۔ تب سے اب تک بنگلہ دیش کے سیاسی پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے ۔ حسینہ واجد کی حکومت کے بعد نوبل انعام یافتہ بنگلہ دیشی ماہرِ اقتصادیات ، پروفیسر محمد یونس ، عبوری حکومت کے سربراہ بنائے گئے۔ پروفیسر محمد یونس صاحب کے18 ماہی مختصر عبوری دَورِ اقتدار ہی میں ، دراصل، پاکستان و بنگلہ دیش تعلقات نئی نہج پر استوار کیے گئے ۔ اِس دوران کئی سیاسی ، معاشی اور عسکری بنگلہ دیشی وفود نے پاکستان کا کامیاب دَورہ کیا۔ 24تا 28نومبر 2026ء کو بنگلہ دیشی پارلیمان کے6 رکنی معززوفد نے اسلام آباد میں قدم رکھا تو پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ، جناب ایاز صادق، نے اِس وفد کا نہائت خندہ پیشانی سے استقبال کیا۔ اسلام آباد ائر پورٹ پر معزز مہمانوں کے لیے سرخ قالین بچھائے گئے ۔ بنگلہ دیش کے ممتاز اخبار ’’ڈھاکا ٹربیون‘‘ نے فرنٹ پیج پر لکھا:’’ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا اسلام آباد میں قابلِ تحسین انداز میں استقبال کیا گیا‘‘ ۔ دراصل ہمارے اسپیکر صاحب ہی کی دعوتِ خاص پر بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد پاکستان تشریف لایا ۔ اِس وفد میں دو خواتین بھی شامل تھیں اور اس وفد کی سربراہی بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے اسپیکر اور82 سالہ سینئر بنگلہ دیشی بزرگ سیاستدان ، جناب حافظ الدین احمد ، کررہے تھے۔ جناب حافظ الدین کے ساتھ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں ناصر رحمن صاحب ، جہارت آرا چوہدری صاحبہ ، ہمام قادر چوہدری صاحب ، بیرسٹر نجیب الرحمن صاحب اور نیلو فر چوہدری صاحبہ شامل تھے۔ مذکورہ معزز وفد نے اپنے شیڈول کے مطابق اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور اور کراچی بھی وزٹ کیا ۔ دیکھنے والی بات مگر یہ ہے کہ وفد میں شامل معزز افراد درحقیقت کون تھے تاکہ اُن کے دَورے کی اصل اہمیت کا ہمیں اندازہ ہو سکے ۔ اپنی نوعیت کے اِس اوّلین بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کی سربراہی کرنے والے جناب حافظ الدین احمد غیر معمولی سیاستدان ہیں ۔ وہ کبھی پاکستان کے شہری ہونے کے ناتے پاک فوج میں کمیشنڈ آفیسر بھرتی بھی رہے ۔ وہ پاکستان آرمی کی عالمی شہرت یافتہ ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل بھی ہیں ؛چنانچہ پاکستان میں موجودگی کے دوران جب حافظ الدین صاحب نے یہ کہا :’’ پاکستان آ کر پرانی سنہری یادیں پھر سے تازہ ہو گئیں‘‘ تو ہم اُن کے جذبات و احساسات کا اندازہ لگا سکتے ہیں ۔حافظ الدین احمد صاحب ، بعد ازاں، بنگلہ دیش آرمی میں شامل ہُوئے اور میجر کے رینک سے ریٹائر ہُوئے ۔ اِسی پس منظر میں اُنہیں ’’میجر حافظ‘‘ بھی کہا جاتا ہے ۔ وہ ’’ بِیربکرم ‘‘ ایوارڈ بھی پا چکے ہیں ۔ یہ تیسرا بڑا بنگلہ دیشی فوجی ایوارڈ ہے جو جرأت و بہادری پر دیا جاتا ہے ۔میجر حافظ الدین احمد بِیر بکرم صاحب 1960ء کے عشرے میں پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان ہونے کے ناتے کئی ممالک میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں ۔ فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد اُنہوں نے سیاسی جماعت BNPمیں شمولیت اختیار کی ۔ وہ بنگلہ دیش کے متفقہ صدر بھی رہ چکے ہیں اور پچھلی بنگلہ دیشی حکومتوں میں کئی مرکزی وزارتوں کے قلمدان بھی کامیابی سے سنبھال چکے ہیں ۔فروری 2026ء کے عام انتخابات کے بعد جب جناب طارق رحمن بنگلہ دیش کے نئے وزیر اعظم منتخب ہُوئے تو جناب حافظ الدین احمد کو بنگلہ دیش پارلیمنٹ ( جسے مقامی طور پر’’جاتیہ سنگسد‘‘ بھی کہا جاتا ہے ) کا اسپیکر منتخب کیا گیا ۔ یہ میرٹ و اہلیت کی بنیاد پر شاندار چناؤ تھا ۔ اُن کے والد ، ڈاکٹر اظہر الدین ، بھی سیاستدان تھے اور متحدہ پاکستان اسمبلی کے منتخب رکن قومی اسمبلی بھی ۔اُن کی والدہ ، کریم النساء صاحبہ مرحومہ، معروف سوشل ورکر رہی ہیں ۔ پاکستان کا دَورہ کرنے والے معزز بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں شامل ایک رکن جناب ہمام قادرچوہدری بھی تھے ۔ ہمام قادر چوہدری دراصل متحدہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ، جناب اے کے ایم فضل قادر چوہدری مرحوم، کے پوتے ہیں ۔مرحوم تین سال تک( نومبر 1963ء تا جون 1965ء ) متحدہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر رہے ۔ افسوس تو یہ ہے کہ بعد از قیامِ ِبنگلہ دیش اُنہیں ،1973ء میں ، جیل میں ڈال دیا گیا ۔ شیخ مجیب کی متعصب حکومت نے اُن پر وار کرائمز کا الزام عائد کیا ۔ حقیقت بات مگر یہ تھی کہ بنگلہ دیش بننے کے بعد بھی وہ پاکستان کے کٹڑ حامی تھے اور یہی بات نَو زائدہ بنگلہ دیشی حکمرانوں کو کھٹکتی تھی۔ 17جولائی 1973ء کو جیل کے اندر ہی ایک پُر اسرار شخص نے اُنہیں خنجر مار کر شہید کر دیا تھا ( یہ دعوے بھی کیے جاتے ہیں کہ اُنہیں باقاعدہ پھانسی دی گئی تھی)اب 24نومبر 2026ء کو پاکستان کا دَورہ کرنے والے جناب ہمام قادر چوہدری اسی اولوالعزم شخص کے معزز پوتے ہیں۔ ہمام قادر چوہدری صاحب، جناب فضل قادر چوہدری کے صاحبزادے، صلاح الدین قادر چوہدری ، کے بیٹے ہیں ۔ صلاح الدین قادر چوہدری خود بھی کئی بار بنگلہ دیش کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہُوئے اور کئی بار وزیر بھی بنائے گئے ۔ پاکستان کا دَورہ کرنے والے بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں شامل، بیرسٹر نجیب الرحمن صاحب، جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے رکنِ رکین بھی ہیں ۔ نجیب الرحمن صاحب کے اولوالعزم والد گرامی ، جناب مطیع الرحمن نظامی صاحب مرحوم ، کو شیخ حسینہ واجد کی حکومت میں پھانسی دے کر شہید کر دیا گیا تھا۔بیرسٹر نجیب الرحمن صاحب نے لاہور میں جماعتِ اسلامی کی قیادت سے ملاقات بھی کی، بانی جماعت، سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ، کے مزار پر حاضری بھی دی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ جماعتِ اسلامی کی جانب سے اُنہیں خوبصورت تحائف بھی پیش کیے گئے ۔ بنگلہ دیش کی جماعتِ اسلامی آج کل چونکہ بنگلہ دیش پارلیمنٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کا کردار ادا کر رہی ہے ، اس لیے مذکورہ جماعت کے دو ممتاز و معزز ارکانِ اسمبلی کو وفد میں شامل کرنا از بس ضروری تھا ۔ بِلا شبہ امیرِجماعت بنگلہ دیش اور جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ مگر یاد رکھا جائے کہ جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے سینئر لیڈروں اور کارکنوں نے پاکستان سے محبت میں کئی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔ ہم سب پاکستانی جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کے جملہ شہدا کے خون کے مقروض ہیں ۔ وفد میں شامل ایک خاتون ، جہارت آرا چوہدری ، بھی شامل تھیں ۔ موصوفہ حال ہی میں عالمی بین الپارلیمانی یونین (IPU) کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن منتخب ہُوئی ہیں ۔اُن کے انتخاب میں پاکستان نے زبردست انداز میں اُن کی حمائت کی تھی۔ پاکستان کا دَورہ کرنے والے بنگلہ دیشی معزز پارلیمانی وفد کو اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا ۔ ہر جگہ اُن کی راہ میں آنکھیں بچھائی گئیں ۔ وزیر اعظم ، جناب شہباز شریف ، نے وزیر اعظم ہاؤس میں اس وفد سے تفصیلی ملاقات بھی کی اور اُن کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔ مذکورہ وفد لاہور گیا تو اسپیکر پنجاب صوبائی اسمبلی کی زیر قیادت اُنہیں چنیدہ ارکانِ اسمبلی سے ملوایا گیا ، اُن کے اعزاز میں کھانا بھی دیا گیا ، پنجاب کے اہم صنعتکاروں سے ملاقاتیں بھی کروائی گئیں اور آخر میں وفد کو تاریخی شالیمار باغ کی سیر بھی کروائی گئی ۔بنگلہ دیشی وفد نے کراچی پہنچ کر بانیِ پاکستان ، حضرت قائد اعظم محمد علی جناح، کے مزار پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ایسے میں وفد کے بزرگ ارکان کو یقیناً متحدہ پاکستان کے ایام کی یادیں آئی ہوں گی ۔ سندھ اسمبلی کے دَورے کے دوران سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ارکانِ اسمبلی نے معزز وفد کو ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہا۔ہم اُمید رکھتے ہیں کہ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے اِس دَورئہ پاکستان کے پاک، بنگلہ دیش تعلقات پر نہات مثبت اثرات مرتّب ہوں گے ۔ انشاء اللہ !

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل