Sunday, November 29, 2026
 

پنجاب کا رزمیہ

 



مرحوم مشرقی پاکستان کو مغربی پاکستان سے شکایت کیا تھی اور آج سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پنجاب سے تحفظات کیا ہیں؟ یہ بالکل وہی شکایات اور تحفظات ہیں ورلڈ پنجابی کانفرنس میں جن پر مہر تصدیق ثبت کی گئی ہے اور بعض قابل احترام دانش وروں نے ایسا کرتے ہوئے پنجاب کو ایک بار پھر دیگر صوبوں کے حریف کے طور پر پیش کیا ہے۔ یہ مؤقف تین نکات، ایک دعوے اور ایک چیلنج پر مشتمل ہے یعنی: 1-پنجابی دنیا کے ذہین ترین لوگ ہیں بلکہ یوں سمجھا جائے کہ ان سے بڑھ کر کوئی ذہین ہے ہی نہیں۔ 2-پنجابی دولت مند ہیں اور جس خطے میں پنجاب موجود ہے، اس کے ارد گرد ان سے بڑھ کر کوئی دولت مند نہیں۔ 3-پنجابی دلیر ہیں۔ ان جیسا نہ کوئی مزاحمت کار ہے اور نہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے لڑنے والا۔ اہل پنجاب کے یہی اوصاف ہیں جن کی وجہ سے انھوں نے تین سو برس تک اس خطے پر حکومت کی اور اس وقت بھی حکومت کر رہے ہیں۔ یہ دعویٰ نمبر ایک ہے۔ دوسرا دعوی یہ ہے کہ اہل پنجاب چوں کہ اس خطے یعنی پاکستان کے حکمران ہیں، اس لیے وہ بے چین اور پریشان نہیں لہٰذا سو رہے ہیں لیکن پنجاب کی (مزید)تقسیم کی صورت میں انھیں چیلنج کیا گیا تو وہ سب کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے۔ دوسرے دعوے کو چیلنج بھی سمجھ لیا جائے تو کوئی حرج نہیں۔  نجیب الطرفین پنجابی کی حیثیت سے پنجاب کے ان فضائل اور برتری پر مجھے اعتراض نہیں بلکہ فخر ہونا چاہیے، یوں سمجھ لیا جائے کہ فخر ہے تو اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ہے لیکن کسی بھی سیاسی بیانیے کو سمجھنے کے لیے اس کے گرد بکھرے ہوئے سیاسی حقائق کو معروضی انداز میں سمجھنا ضروری ہے۔ یہ معروضی حقائق کیا ہیں؟ یہ حقائق سمجھ میں نہیں آ سکتے اگر پاکستان کے اس جغرافیے پر نگاہ نہ دوڑائی جائے جو 14 اگست 1947 کو وجود میں آیا تھا۔ دو خطوں پر مشتمل اس پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مختلف خطوں کے درمیان اختیارات کی تقسیم تھا۔ مشرقی پاکستان میں آبادی چوں کہ زیادہ تھی، اس لیے متحدہ پاکستان کے اقتدار کا فیصلہ فطری طور پر مشرقی پاکستان میں ہونا تھا۔ یہی سب سے بڑا تنازع تھا۔ مغربی پاکستان کے تمام نہیں بعض سیاست دان ایسا نہیں چاہتے تھے لہٰذا1953میں دستوری سفارشات پر مشتمل دوسری رپورٹ شائع ہوئی تو مغربی پاکستان میں پروپیگنڈے کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔ رپورٹ میں قومی اسمبلی میں مشرقی پاکستان کے لیے زیادہ نشستیں تجویز کی گئی تھیں۔ روزنامہ زمیندار اور دیگر اخبارات و جرائد میں اس سلسلے میں بہت کچھ شائع ہوا جس کے چند نکات حسب ذیل ہیں: 1-بنگال کی زیادہ آبادی محض پروپیگنڈا ہے۔ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ 2-متحدہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی پنجاب ہے لہٰذا اقتدار میں حصے کا تعین کرتے ہوئے مغربی پاکستان کی اس حیثیت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ 3-پورے پاکستان کے دفاع کا دارومدار پنجاب پر ہے، اس لیے اقتدار پر مغربی پاکستان کا حصہ فائق ہے۔ ان تین نکات کی بنیاد پر ایک ہیجان برپا ہو گیا۔ صورت حال اتنی بگڑی کہ وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کو لاہور کے دورے پر آنا پڑا۔ اپنے نقطۂ نظر کی وضاحت کے لیے مشرقی پاکستان کے سینئر سیاست دانوں کے ایک وفد نے مغربی پاکستان کا دورہ کیا لیکن ان کی آواز نقار خانے میں طوطی کی آواز بن کر رہ گئی۔ اسی کشمکش کے دوران تحریک ختم نبوت شروع ہوگئی۔ یوں حالات بدل گئے اور آئین نہ بن سکا۔ محمد علی بوگرا کے بعد چوہدری محمد علی وزیر اعظم بنے تو انھوں نے ون یونٹ کا نسخہ ایجاد کر کے مشرقی پاکستان کو زیادہ آبادی ہونے کے باوجود مغربی پاکستان کے برابر قرار دے کر آئین بنا دیا۔ اس فارمولے کے تحت اقتدار پر ملک کے دونوں حصوں کا حق برابر تھا لیکن ظاہر ہے کہ زیادہ آبادی رکھنے والے مشرقی پاکستان نے یہاں قربانی دی تھی جب کہ مغربی پاکستان کے چاروں صوبوں نے اس مقصد کے لیے اپنی شناخت گروی رکھ دی۔ اس بندوست کا بنیادی مقصد ملک کی اکثریت کے اقتدار پر حق کو تسلیم نہ کرنا تھا۔ مشرقی پاکستان کے حادثے کا پس منظر یہی تھا۔ یحییٰ خان نے ون یونٹ تو توڑ دیا لیکن اس کے باوجود مغربی پاکستان کے صوبوں میں یہ احساس قوی ہو گیا کہ ایسا مشرقی پاکستان کا جمہوری حق تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے ہوا جس کے پس پشت مغربی پاکستان کے بعض سیاست دان تھے۔ یہی سبب تھا کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور ون یونٹ کے خاتمے کے باوجود مغربی پاکستان کے چھوٹے صوبوں میں احساس عدم تحفظ موجود رہا۔ تخت لاہور جیسی ترکیب کی ایجاد کا پس منظر بھی یہی تھا۔ عالمی پنجابی کانفرنس میں قابل احترام دانشور صحافی نے جس زبان میں بات کی ہے، اس نے چھوٹے صوبوں کے ان ہی تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ پنجاب کی طرف انگلیاں اٹھانے والے اسی رویے کو پنجابی شاونزم قرار دیتے ہیں۔ جناب دانشور صحافی کی اس گفتگو کا پس منظر وہی بحث ہے جس کی بنیاد محسن نقوی کی تقریر نے ڈالی جس میں انھوں نے نظام کو ناکام قرار دے کر نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پیش کی۔ صوبوں یا انتظامی یونٹس کی بحث دراصل غلط رخ پر چلی گئی ہے۔ اگر اسے 18 ویں ترمیم کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو صورت حال ہی مختلف دکھائی دیتی ہے۔ اٹھارہویں ترمیم صوبائی خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی تھی لیکن اس کی وجہ سے صوبوں کو تو بہت کچھ مل گیا لیکن صوبائی اسٹرکچر کے نیچے کا ڈھانچہ متاثر ہوا یوں ترقیاتی عمل کے فوائد عوام تک نہ پہنچ سکے۔ اس کی بدترین مثال سندھ ہے جہاں صرف کراچی ہی نہیں بلکہ صوبے کا ہر خطہ یا ضلع پسماندگی کا شکار ہے۔ یہ اس لیے ہوا کہ صوبائی مالیاتی ایوارڈ تشکیل نہیں دیے گئے اور کئی صوبے ایسا کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ اٹھارویں ترمیم نے صوبوں کو اتنا طاقتور بنا دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی کی نہیں سنتے یہاں تک کہ وفاق تک ان کا دست نگر ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف یہ کہ دفاع خطرے میں پڑ گیا ہے بلکہ نظام معیشت بھی۔ ملک کے دیوالیہ ہو جانے کے خدشات کا تعلق بھی اسی صورت حال سے ہے۔ بھارت میں مشرقی پنجاب کو 1966 میں تقسیم کر کے تین صوبے بنا دیے گئے یعنی پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش۔ ان تین خطوں میں رہنے والے لوگ آج ساٹھ برس گزر جانے کے بعد بھی خود کو پنجابی ہی کہتے ہیں۔ ان کی پنجابی شناخت پر کوئی آنچ نہیں آئی۔ انتظامی طور پر ایسا اگر پاکستان میں ہوتا ہے تو بھی سندھی؛ سندھی ہی رہے گا اور پنجابی پنجابی۔ ہاں، ایسا کرتے ہوئے یہ ضرور احتیاط کرنی چاہیے کہ پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کا ریاست اور اس کے وسائل پر برابر کا حق تسلیم کیا جائے۔ کوئی علاقائی، نسلی یا لسانی گروہ نہ کسی کو نیچا دکھائے اور نہ ایسا کہے کہ فلاں صوبے کو تو تقسیم کر دیا جائے لیکن ہماری طرف نگاہ اٹھا کر نہ دیکھا جائے۔ پنجاب سے آنے والا ردعمل بھی دراصل اسی انداز فکر کا نتیجہ ہے۔ بہتر یہی ہے کہ کوئی طبقہ نہ تکبر کا مظاہرہ کرے اور نہ کوئی کسی کو دھمکی دے۔ ہاں، اہل پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک نیتی کے ساتھ غور و فکر اور ایمان داری کے ساتھ اخذ کیے ہوئے درست نتائج قوم کے سامنے پیش کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل