Sunday, June 16, 2024
 

کراچی کی مویشی منڈی میں 30 ہزار سے زائد مویشی پہنچ گئے

 



  کراچی: شہر قائد میں نادرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی گئی عارضی مویشی منڈی میں 30 ہزار سے زائد گائے اور بیل مویشی پہنچ گئے جبکہ اونٹ اور بکروں کی آمد بھی شروع ہوگئی۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے لیے نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی 2024 میں ملک کے مختلف شہروں سے قربانی کے 30 ہزار سے زائد گائے اور بیل پہنچ گئے۔

مویشی منڈی میں پنجاب ، سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان سے عید قرباں کے لیے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق مویشی منڈی میں گائے اور بیل کے ساتھ ساتھ بکروں اور انٹوں کی بھی بڑی تعداد مویشی منڈی پہنچ گئی جبکہ اندرون سندھ سے لائے گئے اونٹوں نے دھوم مچا دی ہے۔

سندھ کے ضلع شہید بینظیر آباد نواب شاہ سے 100 سے زائد اونٹ قربانی کے لیے منڈی لائے گئے ہیں جن میں لاری ، سندھی ، تھری ، ساکرہ ، پہاڑی اور دیسی سمیت مختلف نسلوں کے اونٹ ہیں جن کی قیمت 2 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک مانگی جارہی ہے۔

ترجمان مویشی منڈی کے مطابق اونٹ بلاک کے ساتھ قائم بکرا منڈی میں بھی میلہ سج گیا ہے جس میں میر پور خاص اور نواب شاہ سمیت اندرون سندھ سے خوبصورت اور صحت مند بکرے مویشی منڈی پہنچ گئے۔

میر پور خاص سے لائے گئے ڈیڑھ سے دو من کے بکروں کی قیمت 3 لاکھ سے 4 لاکھ روپے رکھی گئی ہے جبکہ مویشی منڈی میں لائے گئے قربانی کے جانوروں کی خریداری اور انھیں دیکھنے کے لیے خریداروں اور منچلے نوجوانوں کی بڑی تعداد مویشی منڈی کا رخ کر رہی ہے اور جیسے جیسے عیدالاضحیٰ کے دن قریب آرہے ہیں مویشی منڈی ایک میلے کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔

مویشی منڈی میں وی وی آئی پی بلاکس اور وی آئی پی بلاک کے قیام کا بھی کام تیزی سے جاری ہے جہاں مختلف بیوپاریوں کی جانب سے اعلیٰ نسل کے صحت مند ، خوبصورت اور بھاری بھرکم گائے و بیل فروخت کے لیے پیش کیے جائینگے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل