Thursday, November 07, 2024
 

طیارے کی عدم دستیابی: 350 پاکستانی کوالالمپور ایئرپورٹ پر پانچ روز سے محصور

 



ملائیشیا سے پاکستان آنے کے لیے 350 سے زائد پاکستانی مسافر طیارے کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوالالمپور ائیرپورٹ پر محصور ہوگئے، ان میں لاہور کا ایک شہری بھی شامل ہے جس کی جمعہ کو شادی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ملائیشیا کے کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں، باتک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کوالالمپور سے لاہور آنی تھی جس میں ائیربس 330 ساختہ طیارے کے ذریعے ان افراد کو آنا تھا مگر آج پانچ دن گزرنے کے باوجود ان کی واپسی نہیں ہوئی ہے۔ وہاں پھنسے لاہور ہربنس پورہ کے رہائشی ذیشان احمد صدیقی کی جمعہ کو بارات ہے، ان کے آبائی گھر میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے باراتی پہنچ چکے ہیں مگر دلہا کی واپسی کے آثار نظر نہیں آرہے۔ پرواز کے مسافروں کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مسافروں میں خواتین اور گود کے بچوں کے علاوہ ضعیف العمرا فراد کی بھی کافی تعداد شامل ہے۔ ائیرلائن کے پاس پاکستان پرواز اڑانے کے لیے طیارہ دستیاب نہیں ہے، ایک جہاز کا بڑی مشکل سے بندوبست کیا گیا مگر عین اڑان کے وقت طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور مسافروں کو دوبارہ ابتدا میں اتار کر ائیرپورٹ کے لاؤنج اور پھر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔ پرواز او ڈی 131 کے ذریعے وطن آنے کے امیدوار مسافروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی واپسی کے لیے کوئی خصوصی انتظام کیا جائے، کیونکہ نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ بیشتر مسافروں کے پاس خرچ کے لیے رقم تک نہیں بچی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل