Friday, November 08, 2024
 

چیمپئنز ٹرافی کیلیے انڈین میڈیا نہیں بھارتی حکومت کے جواب کے منتظر ہیں، چیئرمین پی سی بی

 



چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کئی ماہ سے دعویٰ کررہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں آئے مگر ہم بھارتی میڈیا نہیں بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ کے جواب کے منتظر ہیں۔ یہ بات انہوں نے بھارتی میڈیا کا دعویٰ سامنے آںے کے بعد ردعمل میں کہی۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کئی ماہ سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا اور بھارتی ٹیم نہیں آئے گی، مگر ہم بھارتی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کررہے ہیں اور اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے، ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔ یہ پڑھیں : چیمپئینز ٹرافی کےلیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک وفد 10 تا 12 نومبر لاہور کا دورہ کرے گا تاکہ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لے سکے، 11 نومبر کو ایک آفیشل ایونٹ متوقع ہے جس کے دوران ٹورنامنٹ کے شیڈول اور اہم تفصیلات کا امکان ظاہر کیا جائے گا۔ چیمپئینز ٹرافی 19 فروری تا 9 مارچ شیڈول ہے جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل