Loading
ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے اور حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.24 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح بھی13.89 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ ہوا اور اس طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 16.66فیصد رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 10 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد وشمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں2.63 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 2.70 فیصد، پیاز کی قیمت میں2.61 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں3.37 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 2.36 فیصد، صابن کی قیمت میں0.47 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 0.93 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں1.67 فیصد، گھی کی قیمت میں 1.49 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 0.56 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 1.54 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح کیلوں کی قیمت میں 2.63 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 0.60 فیصد، چینی کی قیمت میں 1.49 فیصد، چکن کی قیمت میں 1.23 فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.72 فیصد، دال مسور کی قیمت میں0.27 فیصد اورگڑ کی قیمت میں 0.99 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.29 فیصد اضافے کے ساتھ 8.21 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.26 فیصد اضافے کے ساتھ 12.24 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ 16.66 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.23 فیصداضافے کے ساتھ 14.46 فیصد رہی۔ ہفتہ وار اعداد وشمار کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ 12.71 فیصد رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل