Loading
صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں چین کے کاروباری وفد کی ملاقات ہوئی جس میں چین کے کاروباری وفد نے ملکی شعبہ صحت کی ترقی کے لیے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور چین کے کونسل جنرل نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے عوام بالخصوص سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہوں گے۔ چینی وفد نے معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور چین کے اہم امور پر مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں پر محیط گہری دوستی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ایک علاقائی تجارتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر ترقی دینا میرا وژن تھا، گوادر بندرگاہ سے نہ صرف علاقائی روابط بہتر ہوں گے بلکہ علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا، پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور کاروبار کو ترجیح دے گا، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سندھ میں چینی زبان کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، چینی زبان کے کورسز پاکستان اور چین کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل