Monday, December 23, 2024
 

کراچی؛ وین میں آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جھلس کرزخمی

 



لانڈھی کے علاقے بھینس کالونی کے قریب ایل پی جی کی دکان پر گیس بھرنے کے دوران ہائی ایس وین میں آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ شاہ لطیف کے علاقے لانڈھی بھینس کالونی موڑ کے قریب ایل پی جی گیس کی دکان پر اچانک ہائی ایس وین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں وین میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے اور واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور فائربریگیڈ موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو کے مطابق فائربریگیڈ کے عملے نے گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی تھی تاہم زخمی ہونے والوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں کی شناخت 50 سالہ عامر بخش، 35 سالہ وزیر، 18 سالہ حفیظ، 25 سالہ ماریہ ، 30 سالہ دنیا ، 5 سالہ یسریٰ، 10 سالہ تسبیہ، 7 سالہ عذرہ، 2 سالہ سارہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کے رشتے دار اکبر علی نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ خاندان ٹنڈو آدم سے کراچی قائد آباد کالا پانی آرہا تھا کہ بھینس کالونی موڑ کے قریب ایل پی جی بھروا رہے تھے کہ اچانک گاڑی میں آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق وہ ہائی ایس وین میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل