Wednesday, January 07, 2026
 

آئی پی ایل کی مشکلات میں مزید اضافہ، بنگلادیش کا نشریات روکنے کا حکم

 



بنگلادیش اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے کشیدگی نے نیا رخ اختیار کرلیا، بنگلادیش نے آئی پی ایل کی نشریات روکنے کا حکم جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلادیش حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ قبل ازیں بھارت کو ایک  بڑی سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا، بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کردیاتھا۔ بنگلادیشی بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، اس حوالے سے آئی سی سی کو خط لکھ کر بھی آگاہ کردیا تھا۔ بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا تھا کہ بھارت میں کھلاڑیوں اور صحافیوں  کی جان کو خطرہ ہے لہذا بنگلادیش کے میچز سری لنکا میں کرائے جائیں۔ واضح رہے کہ بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے خارج کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلادیش کے تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔ شاہ رخ خان کی آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے خارج کیا تھا۔ ان کو ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں 9 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا گیا تھا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت نے گزشتہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان میچز نیوٹرل وینیو پر کرانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ پاکستان اس طے شدہ معاہدے کے تحت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل