Loading
متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں واقع اہم شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم تنصیب پر تمام آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں، جبکہ فضائی حدود کو بھی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ابوظہبی حکام کے مطابق ڈرون حملے کے باعث گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد ہنگامی ردعمل کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو قابو میں کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد گیس فیلڈ کی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں جبکہ نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کے مطابق متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ گیس فیلڈ متحدہ عرب امارات کی اہم توانائی تنصیبات میں شمار ہوتا ہے اور یہاں پیدا ہونے والی گیس ملکی توانائی کے نظام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر ملک کی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک غیر معمولی احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور فضائی آمد و رفت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق امارات کا فضائی دفاعی نظام ایران کی جانب سے آنے والے ممکنہ میزائل اور ڈرون خطرات کا جواب دے رہا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
امارات کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق فضائی حدود کی عارضی بندش کے دوران پروازوں کے شیڈول اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ حالات معمول پر آنے کے بعد فضائی آپریشن بحال کیے جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل