Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی اور فوجی کارروائیاں روکنے کے دعوے کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے واضح کر دیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اپنی حکمتِ عملی کے مطابق آپریشنز جاری رکھے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ اگر حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو بیروت میں موجود ان اہداف کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہیں اسرائیل اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں جاری فوجی سرگرمیاں پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھیں گی اور اس حوالے سے اسرائیل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ لبنان کی جانب فوجی پیش قدمی روک دی گئی ہے اور روانہ کیے گئے دستوں کو واپس بلانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق حاصل ہونے والی مفاہمت کے تحت دونوں فریق ایک دوسرے پر حملوں سے گریز کریں گے تاہم نیتن یاہو کے تازہ بیان نے خطے میں جنگ بندی کے مستقبل اور صورتحال کے بارے میں نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل