Thursday, July 02, 2026
 

برطانیہ گرمی سے جھلسنے لگا، 142 سال میں جون کا دوسرا گرم ترین مہینہ ریکارڈ

 



لندن: برطانیہ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ جون 2026 گزشتہ 142 برس کے دوران دوسرا گرم ترین جون کا مہینہ رہا ہے۔ برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 1884 سے محفوظ موسمیاتی ریکارڈ کے بعد پہلی بار جون 2026 کو ملک کی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شمار کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں یہ جون 1884 کے بعد دوسرا گرم ترین جون ثابت ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال اوسط درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہا جو موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے مسلسل بڑھتے ہوئے اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی۔ برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں جون کے دوران رات کے درجہ حرارت کے بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید حبس اور گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے سرے کے قصبے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو جون کے مہینے کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل جون 1976 میں 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق یورپ بھر میں جاری ہیٹ ویو کے اثرات برطانیہ میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کی لہریں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بار اور زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آرہی ہیں، جس سے صحت عامہ، توانائی کے نظام، ٹرانسپورٹ اور ماحولیات پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل