Saturday, August 01, 2026
 

امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کو محتاط اور انخلا کیلئے تیار رہنے کا انتباہ جاری کردیا

 



امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کردیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورت حال کسی بھی وقت غیرمتوقع طور پر خراب ہوسکتے ہیں لہٰذا محتاط رہیں اور کسی بھی وقت انخلا کے لیے تیار رہیں۔ امریکا نے اسرائیل سمیت بحرین، عراق، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سفارت خانوں کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ چھوڑنے اور غیرمتوقع حالات کی صورت میں انخلا کے لیے تیار رہیں۔ انتباہ میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کی صورت حال بدستور خراب ہے اور کسی بھی وقت غیر متوقع طور پر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اس لیے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہری احتیاط برتیں اور غیرمعمولی طورپر ہوشیار رہیں، اسی طرح پروازوں کی منسوخی، وقتاً فوقتاً فضائی حدود کی بندش اور سفری خلل کے لیے تیار رہیں۔ عمان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ خطے میں بعض ایئرلائنز نے پہلے سے طے شدہ پروازوں کی بحالی مؤخر کر دی ہے، چند مخصوص روٹس پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، خطے میں موجود امریکی شہری وہاں سے روانگی پر غور کریں یا صورت حال مزید بگڑنے کی صورت میں فوری روانگی کے لیے تیار رہیں۔ سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ سے باہر موجود امریکی شہریوں کو چاہیے کہ وہ مشرق وسطیٰ یا اسی روٹ سے سفر کرنے سے پہلے سنجیدگی سے غور اور اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کے حوالے سے تازہ معلومات حاصل کریں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی امریکی سفارتی تنصیبات، بشمول مشرق وسطیٰ سے باہر موجود امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے بھی نشانہ بنتے رہے ہیں، ایران اور ایران کی حمایت کرنے والے گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات، امریکی کاروباری اداروں اور امریکا سے وابستہ دیگر مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے، حالیہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی حکومت کا رویہ غیر متوقع ہے کیونکہ اس نے بغیر کسی انتباہ یا بلااشتعال خطے میں مختلف مقامات پر حملے کیے اور اپنی کارروائیاں مصر جیسے علاقوں تک بھی پھیلا دیں جو پہلے نشانہ نہیں بنے تھے۔ امریکی حکام نے کہا کہ امریکی شہری ہر وقت محتاط رہیں کیونکہ کسی ملک میں ماضی میں امریکی مفادات یا کاروباری اداروں پر حملہ نہ ہونا مستقبل میں ان کی حفاظت کی ضمانت نہیں دیتا۔ اردن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی بتایا گیا کہ تمام امریکی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اردن میں موجود تمام فوجی بیسز جانے سے گریز کریں کیونکہ ایران مشرق وسطیٰ میں ہوٹلوں، ہوائی اڈوں اور دیگر شہری و اہم انفرااسٹرکچر کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔ ہدایت کی گئی کہ امریکی شہری اردن کی حکومت کی جانب سے مخصوص خطرات سے متعلق جاری ہونے والی معلومات سے باخبر رہیں اور سائرن یا دیگر الرٹ سمیت مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور اس کے ساتھ ساتھ امریکی سفارت خانے کی جانب سفری ہدایات اور تازہ ترین سفری انتباہ پر بھی مسلسل نظر رکھیں۔ Security Alert: U.S. Embassy Amman – August 1, 2026 Event: Due to heightened tensions in the Middle East, the security environment remains complex with the potential for unforeseen escalation. Americans currently in the Middle East should exercise caution and heightened… pic.twitter.com/LheYwCCbVY — U.S. Embassy Amman (@USEmbassyJordan) August 1, 2026 امریکی سفارت خانون کی جانب سے خطے میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر قسم کے مظاہروں اور بڑے اجتماعات سے دور رہیں، ایسے علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں پولیس کی بھاری نفری موجود ہو، مقامی میڈیا پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ اسی طرح اگر آپ کی پرواز متاثر ہوئی ہو تو پرواز میں تبدیلی کی تفصیلات کے لیے براہ راست اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں، امریکا سے منسلک عوامی مقامات پر غیر معمولی احتیاط برتیں اور ہر وقت ہوشیار رہیں اور غیر ضروری توجہ کا مرکز بننے سے گریز کریں اور کم نمایاں رہیں۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں اپنا اندراج کرائیں اور اس کے ذریعے آپ کا رابطہ امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے سے برقرار رہے گا، سیکیورٹی سے متعلق تازہ ترین معلومات موصول ہوں گے اور ہنگامی صورت حال میں سفارت خانہ یا قونصل خانہ آپ سے آسانی سے رابطہ کر سکتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل