Thursday, November 19, 2026
 

لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی کے دوران 4خارجی ہلاک

 



لکی مروت کے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں دہشت گردوں نے پولیس پر بزدلانہ حملہ کیا جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ لکی سٹی کی حدود میں بیگوخیل روڈ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں پولیس، کیو آر ایف اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے جائے وقوعہ پہنچ کر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف وسیع آپریشن شروع کیا۔ اس دوران میلہ شہاب خیل کے ملحقہ سرکنڈوں کے جنگلات میں دہشت گردوں سے مڈبھیڑ ہونے پر نفری نے انتہائی جواں مردی سے بزدل دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا جس میں 4 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں اور زیر استعمال اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جس کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے لکی مروت کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشگردوں کو دوبارہ پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا اور انکا یقینی خاتمہ کیا جائے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بہترین کارروائی پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن خوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے نہتے عوام پر ظلم کرتے ہیں جن کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پورے صوبے میں آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقی کیلئے امن و امان کی فضا انتہائی ضروری ہے جس کے لیے کوشاں ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل